پشاور ہائیکورٹ: خیبر پختونخوا حکومت نے بند سڑکیں کھولنے کی رپورٹ جمع کرا دی

خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر بند سڑکیں کھولنے سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سڑکوں کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ صوبائی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر آئی جی خیبر پختونخوا نے سڑکیں کھولنے کے احکامات جاری کیے ہیں اور پولیس کو قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ اب تمام اضلاع میں سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سڑک کی بندش کے سبب ایک خاتون جاں بحق ہوئی، اور اس کا مقدمہ درج کرایا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ اگر ایسی کوئی شکایت آ جائے تو احکامات دیے جائیں گے۔
پشاور ہائیکورٹ کاخیبرپختونخوا کی بند سڑکیں آج ہی کھولنے کا حکم
جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ پشاور میں ٹریفک کا نظام بہت خراب ہے، کبھی وکلا، کبھی تاجر یا دیگر افراد خیبر روڈ بند کر دیتے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ٹریفک ماسٹر پلان بنایا جا رہا ہے اور سیف سٹی پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔
فاضل جج نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مؤثر سزائیں دی جائیں تاکہ لوگ قانون پر عمل کریں۔
آخر میں پشاور ہائیکورٹ نے رپورٹ جمع ہونے کے بعد سڑکوں کی بندش سے متعلق درخواست کو نمٹا دیا۔
