کویت نے پاکستان کوتیل کی فراہمی کی یقین دہانی کرا دی

کویت نے پاکستان کو پٹرولیم مصنوعات بشمول ڈیزل اور جیٹ فیول کی مسلسل فراہمی کے حوالے سے یقین دہانی کردی، جس کا مقصد ملک کے توانائی کے تحفظ کے فریم ورک کو تقویت دینا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں کویت کے سفیر کے درمیان ایک اعلیٰ سطح کی ملاقات ہوئی، جس میں کویت پٹرولیم کارپوریشن نے پاکستان کو ایندھن کی فراہمی کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع نے بتایا کہ اس انتظام میں ڈیزل اور جیٹ فیول کی ترسیل کے لیے پاکستان کے جھنڈے والے جہازوں کا ممکنہ استعمال شامل ہے۔
دوران ملاقات ہونے والی گفتگو میں کویتی سفیر کا کہنا تھا کہ مجوزہ فریم ورک پاکستان میں رجسٹرڈ بحری جہازوں کو تزویراتی طور پر اہم آبنائے ہرمز سے پٹرولیم مصنوعات لے جانے کی اجازت دے گا، یہ راستہ توانائی کی تجارت کے لیے دنیا کے اہم ترین سمندری راستوں میں سے ایک ہے، جو تیل پیدا کرنے والے بڑے خطوں کو عالمی منڈیوں سے جوڑتا ہے۔
