وزیراعظم سے کویت کے ولی عہد کی ملاقات،دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کی ملاقات،دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک کے دورے پر موجود وزیراعظم شہباز شریف کی کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے دوطرفہ ملاقات ہوئی۔
کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح نے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت کی برآمد سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ، تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔
وزیر اعظم نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور کویت ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیواسٹاک، افرادی قوت کی برآمد اور صحت کے شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
