لاہور قلندر نے اہم میچ میں ملتان سلطان کو شکست دی

پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے ملتان سلطان کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن کو مستحکم کر لیا ہے، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے، لاہور قلندرز کے فخر زمان ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد مرزا بیگ اور عبداللّٰہ شفیق نے 50 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور 50 کے اسکور پر 17 رنز بنا کر مراز بیگ آؤٹ ہوگئے۔

سیم بلنگز نے 54 اور عبداللّٰہ شفیق نے 48 رنز کی اننگز کھیلیں اور ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، اختتامی لمحات میں سکندر رضا نے 14، ڈیوڈ ویزے نے 15 اور شاہین آفریدی نے 9 رنز کی اننگز کھیلیں۔

ملتان کی جانب سے احسان اللّٰہ، انور علی، عباس آفریدی اور کیرون پولارڈ نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ ثمین گل نے ایک آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے بیٹر نے محتاط آغاز کیا، لیکن راشد خان کی بولنگ کے آگے سلطانز کے بیٹرز بےبس دکھائی دیئے۔

کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے 48 رنز کا آغاز فراہم کیا، لیکن اس اسکور پر 19 رنز بنانے والے شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد 30 رنز بنانے والے محمد رضوان 64 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔

اسامہ میر 17، رائیلی روسوو 12، خوشدل شاہ 10 جبکہ ڈیوڈ ملر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، کیرون پولارڈ نے 39 اور انور علی نے 17 رنز بنا کر لاہور قلندرز کے بولرز کے سامنے مزاحمت کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بےمعنی ثابت ہوئی اور سلطانز کو 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ کے پہلے میچ میں قلندرز ایک رن سے فاتح ٹھہرے تھے، ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ بحیثیت ٹیم جیت کے لیے اچھا کھیلنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے، انہوں نے کہا کہ ہم شروع سے بیٹنگ کر رہے ہیں اس لیے بیٹنگ ہی کرتے۔

دل چرانے والی اداکارہ سشمیتا سین کو دل کا مرض لاحق

Back to top button