لاہور گلبرگ آتشزدگی : مالک سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج

گلبرگ کے علاقے میں ہوٹل میں آگ لگنے کے واقعے کے سلسلے میں گلبرگ پولیس نے ہوٹل کے مالک کرنل ریٹائرڈ فضیل احمد سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مقدمے میں ہوٹل انتظامیہ کے دیگر عہدے دار ندیم مرزا، عاطف، محمد کامل خان، بلال شاہ اور محمد مصائب کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ سول ڈیفنس کے چیف انسٹرکٹر راشد رفیق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے بیسمنٹ میں غیر قانونی بوائلر نصب کیا ہوا تھا، جس کے ذریعے گیس کی سپلائی کی جا رہی تھی۔ بوائلر پھٹنے اور گیس لیکج کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ مزید بتایا گیا کہ بوائلر آپریٹر ناتجربہ کار تھا۔
ہوٹل انتظامیہ کو پہلے بھی فائر سیفٹی کے اقدامات کے لیے نوٹس جاری کیا گیا تھا، لیکن انتظامیہ نے اسے نظر انداز کیا۔ انتظامیہ کی اس غفلت کے باعث واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔
آتشزدگی کے دوران بیسمنٹ میں کھڑی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
