لاہور لندن سے زیادہ محفوظ ہے، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور لاہور لندن سے زیادہ محفوظ ہے۔
یہ بیان سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران سامنے آیا، جس میں گاڑیوں کے کالے شیشوں کے استعمال پر بھی بات کی گئی۔ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کالے شیشوں کے لیے بیرونِ ملک اضافی فیس ادا کی جاتی ہے، اور اگر کوئی سکیورٹی یا ذاتی شوق کے لیے کالے شیشے استعمال کرتا ہے تو اسے فیس دینی ہوگی۔
چیئرمین کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ آخری میٹنگ میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ جب تک پالیسی نہ بنے، کسی پر کارروائی نہ کی جائے، تاہم اس کے باوجود لوگوں پر 50 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔
سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ کمیٹی ہمیں گائیڈ کرے کیونکہ کالے شیشوں کی کوئی متحدہ پالیسی نہ وفاق میں ہے اور نہ کسی صوبے میں۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسائز ایکٹ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔ طلال چوہدری نے مزید کہا کہ 10 سال پہلے سرٹیفکیٹ جاری ہوتے تھے لیکن اس کا غلط استعمال ہوا، اور کالے شیشے اب فیشن بن چکے ہیں، لوگ اسکِن کی بیماری کا بہانہ کرتے ہیں۔
اجلاس میں ممبر کمیٹی ثمینہ ممتاز نے سکیورٹی خدشات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہریوں کو محفوظ نہیں رکھ پا رہی، اور کچے میں چھ پولیس اہلکاروں نے ایک بچی کا ریپ کیا، جبکہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے ایک ممبر شہید بھی ہو چکا ہے۔
اس پر سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ ریپ دنیا بھر میں ہوتے ہیں، مگر لاہور لندن سے زیادہ محفوظ ہے۔ تاہم سینیٹر طلحہ محمود نے جواب دیا کہ اپر دیر میں لوگوں کو روک کر ان کے گلے کاٹے جا رہے ہیں، اور وہ یہاں یہ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان لندن اور نیویارک سے زیادہ محفوظ ہے۔
