لاہور: شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل، مرکزی ملزم سمیت 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج

لاہور کے علاقے شادمان میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کے واقعے کے بعد پولیس نے مرکزی ملزم سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ شادمان میں مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں مقتولہ کے شوہر، ساس اور تین دیور شامل ہیں۔

مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ 12 سال قبل بیٹی کی شادی پر 150 تولہ سونا دیا گیا تھا، لیکن شوہر اور سسرال کے افراد بیوی کو تنگ کرتے رہے اور جھگڑے معمول بن گئے تھے۔ بیٹی کے لیے گھر بسانے کے لیے ڈیفنس میں کمرشل پلاٹ اور برانڈتھ روڈ پر دکان بھی اس کے نام کرائی گئی تھی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم بیوی کی گاڑی زبردستی بیچنا چاہتا تھا، جس پر جھگڑا ہوا۔ شوہر، ساس اور دیور مزید ساڑھے تین کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہے تھے، جن میں ایک کروڑ روپے اپنے ملازم کے ذریعے ملزم اسماعیل کو بھیجے گئے۔

دوسری جانب، پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلہ قتل برآمد ہو چکا ہے اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

حنا پرویز بٹ نے واضح کیا کہ خواتین کے قتل اور تشدد کے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں، اور خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

Back to top button