بلال یٰسین پر حملے میں انڈر ورلڈ ڈان کے ملوث ہونے کا انکشاف

مسلم لیگ ن کے رہنما اور ایم این اے بلال یٰسین پر حملے میں لاہور کے انڈر ورلڈ ڈان کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، پولیس کے مطابق اس بات کے واضح ثبوت ملے ہیں۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ ان دنوں دبئی میں رہائش پذیر شخص نے مقامی مجرموں کے ذریعے حملے کا منصوبہ بنایا، ’بدنام آدمی‘ کو شبہ ہے کہ شہر میں اس کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف لاہور پولیس کی بڑی کارروائی کے پیچھے بلال یٰسین کا ہاتھ تھا۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس بات کا پردہ فاش اس وقت ہوا جب پولیس نے ایک مقامی ہتھیار ڈیلر اور ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی، پولیس مرکزی ملزم کی حوالگی کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

کیا حکومت شہباز شریف کے خلاف عدالت جانے کا حق رکھتی ہے؟

واضح رہے کہ لیگی ایم این اے کو لاہور میں ان کے گھر کے قریب گولی مار کر زخمی کیا گیا، واقعے کے عینی شاہد محمد اکرم نے پولیس کو بتایا کہ بلال یٰسین کو زخمی کرنے کے بعد حملہ آور دوبارہ واپس آئے لیکن گولی پستول کے چیمبر میں پھنس گئی۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ پولیس کو سڑک پر ایک پستول ملا ہے جسے مشتبہ افراد نے حملے میں استعمال کیا تھا، پستول کو فرانزک تجزیہ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

 
پولیس کے مطابق بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی، پولیس نے حملے میں ملوث 2 اہم کرداروں کی شناخت مکمل کرلی، ساجد گرما اور محسن نے بلال یاسین پر فائرنگ کے لیے اسلحہ فراہم کیا،
پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دونوں ملزموں نے شوٹرز کو بلال یاسین پر فائرنگ کے لیے بھیجا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں کرداروں کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، گرفتاری کے بعد واقعے کے محرکات کا علم ہو گا۔

Back to top button