بولان: بارودی سرنگ کا دھماکا: 3 بچے جاں بحق، 3 زخمی

بلوچستان کے ضلع بولان میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور 3 دیگر زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز بولان کی تحصیل سنی شوران میں ایک گھر کے اندر نصب بارودی سرنگ پھٹ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا اُس وقت ہوا جب بچے گھر میں کھیل کود میں مصروف تھے۔
سینئر پولیس افسر جان محمد کھوسہ کے مطابق بچوں میں سے ایک نے غلطی سے بارودی سرنگ پر قدم رکھ دیا، جس سے زوردار دھماکا ہوا۔ تین بچے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک کمسن لڑکی سمیت تین زخمی بچوں کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو ضلعی اسپتال منتقل کردیا۔
جاں بحق بچوں کی شناخت ندیم احمد، سوما خان اور کمسن لڑکی بختاور بی بی کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ بارودی سرنگ گھر کے اندر کیسے نصب کی گئی۔
