شورکی آلودگی کم کرنے کیلئےچین میں بڑا انفلیٹیبل سٹرکچرنصب

شور کی آلودگی پر قابو پانے کے لیے چین میں ایک انوکھا اور دنیا کا سب سے بڑا انفلیٹیبل اسٹرکچر نصب کیا گیا ہے، جو ماحولیاتی انجینئرنگ کا شاندار نمونہ قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی حکام کے اس اقدام کو ماحولیاتی تحفظ کی عالمی کوششوں میں ایک مثالی قدم سمجھا جا رہا ہے۔ یہ انفلیٹیبل اسٹرکچر دراصل ایک دیوار یا پردے کی مانند ہے، جو ربڑ یا پی وی سی جیسے ہلکے مگر مضبوط مواد سے تیار کیا گیا ہے۔ اسے عمارتوں کے گرد تعمیراتی مقامات پر اس مقصد کے لیے لگایا جاتا ہے تاکہ شور باہر نہ جائے، گرد و غبار کم ہو، اور قریبی رہائشی علاقوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
یہ شور کم کرنے والا بیریئر بیجنگ، شنگھائی اور شینژین جیسے گنجان آباد اور شور سے متاثرہ شہروں میں استعمال ہو رہا ہے۔
یہ اسٹرکچر آواز کی لہروں کو جذب کرتا یا ان کی سمت موڑ دیتا ہے، اور اس میں اکثر شور جذب کرنے والا "ایکو-فوم” بھی شامل کیا جاتا ہے۔
یہ بیریئر لمبائی میں کئی سو میٹر اور اونچائی میں کئی منزلوں جتنا ہو سکتا ہے۔ حالیہ منصوبے میں نصب کیا گیا بیریئر ایک فٹبال گراؤنڈ کے برابر تھا، جس کی بنا پر اسے دنیا کا سب سے بڑا انفلیٹیبل ساؤنڈ بیریئر قرار دیا گیا ہے۔
