لیری ایلیسن دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے

لیری ایلیسن مارک زکربرگ اور جیف بیزوز کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن چکے ہیں۔
ٹیسلا، اسپیس ایکس، ایکس (ٹوئٹر) اور دیگر متعدد کمپنیوں کے مالک ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جو اس وقت 365 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔ مگر اب ایسا لگتا ہے کہ ان کے اس اعزاز کو سنجیدہ چیلنج کا سامنا ہے کیونکہ ایک اور فرد بہت تیزی سے ان کے تعاقب میں اوپر آرہا ہے۔
درحقیقت یہ2025 کے دوران سب سے زیادہ کمانے والا فرد بھی ہے جس کی دولت میں 7 ماہ کے دوران اب تک 109 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوچکا ہے۔زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ زیادہ تر افراد کے لیے یہ نام کافی گمنام ہے اور وہ ہے اوریکل کمپنی کے شریک بانی لیری ایلیسن۔جن کی دولت میں حالیہ ہفتوں کے دوران اوسطاً روزانہ 50 کروڑ ڈالرز (ایک کھرب 41 ارب 52 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کا اضافہ ہوا ہے۔
ابھی وہ 301 ارب ڈالرز کے مالک ہیں اور ایلون مسک سے محض 64 ارب ڈالرز پیچھے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ان کی دولت میں ایک دن میں 28.4 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا تھا اور ایسا ممکن ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں وہ ایلون مسک کو پیچھے چھوڑ دیں۔
