عمران کے ہیلی کاپٹر پر خزانے سے 43 کروڑ کا خرچ

سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے تین سال آٹھ ماہ اور 23 دن کے دور اقتدار میں 1580 گھنٹے ہیلی کاپٹر استعمال کیا جس پر مجموعی طور پر 43 کروڑ 44لاکھ 30ہزار روپے خرچ ہوئے۔ یہ انکشاف سینٹ کے اجلاس میں ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران سینیٹرز نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ سے وزیر اعظم ہاؤس تک ہیلی کاپٹر کے استعمال کو فضول خرچی قرار دیا جس پر 44 کروڑ سے زائد کی رقم خرچ ہوگئی۔

وزیر مملکت شہادت اعوان نے کہا کہ بطور وزیراعظم صبح و شام کفایت شعاری اور بچت کے بھاشن دینے والے عمران خان نے چند کلومیٹر دور واقع اپنے دفتر جانے کے لیے ساڑھے تین برس تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے سفر کا انتخاب کیا جس کی بھاری قیمت قوم کو کروڑوں روپے کی شکل میں بھگتنا پڑی۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے 44 کروڑ روپے کے ضیاع کا نوٹس لیتے ہوئے نیب کو یہ معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی تھی، عمران خان کی جانب سے ہیلی کاپٹر کے استعمال بارے سوال پوچھنے والے سینیٹر بہرام تنگی نے حیرت کا اظہار کیا کہ کس طرح ایک وزیر اعظم نے اتنی بھاری رقم بلاوجہ خرچ کر دی۔ اس زمانے میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری یہ دعوی کیا کرتے تھے کہ عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے سفر کا خرچہ 55 روپے فی کلومیٹر ہے حالانکہ وا بازی میں کلومیٹر نہیں بلکہ گھنٹے شمار کیے جاتے ہیں۔

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف شہادت اعوان نے سابق وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کے اخراجات کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کو ساڑھے تین سالوں میں کل 1580 گھنٹے پرواز کے لیے استعمال کیا گیا جس کی اوسط قیمت 2۔لاکھ 75ہزار روپے فی گھنٹہ ہے۔ سال بھر کی کل پروازوں کے اخراجات کے حساب سے سال 2019 میں 479 گھنٹے کی پرواز پر 13 کروڑ 19 لاکھ 40ہزار روپے خرچ ہوئے، 2020 میں 522 گھنٹوں پر 14 کروڑ 35 لاکھ 50ہزار، 2021 میں 450 گھنٹوں پر 12 کروڑ 38 لاکھ روپے اور جنوری تا مارچ 2022 میں 127 گھنٹوں پر 3 کروڑ 51 لاکھ 10 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

Back to top button