ثانیہ مرزا نے فیملی کے ساتھ عمرہ کی سعادت حاصل کرلی

سابق بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے بیٹے اذہان اور فیملی کے ساتھ عمرہ کی سعادت حاصل کرلی ہے، ثانیہ مراز نے مدینہ منورہ میں اذہان کے ساتھ اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے انسٹا گرام پر تصاویر شیئر کیں جس میں انہیں عبایا پہنے اذہان مرزا کے ساتھ مدینہ منورہ میں دیکھا جا سکتا ہے، یاد رہے اس سے قبل2018 میں بھی شعیب ملک نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی تھی۔
ثانیہ مرزا نے گزشتہ روز سعودی عرب سے انسٹاگرام پر والد عمران مرزا، والدہ نسیمہ مرزا، بہن انعم مرزا اور بہنوئی محمد اسدالدین کی بھی چند تصاویر شیئر کیں اور کیپشن میں عمرہ ادائیگی پر اللہ کا شکر ادا کیا اور لکھا ’الحمداللہ، اللہ ہماری دعائیں قبول فرمائے۔
مدینہ منورہ میں ثانیہ نے جس ہوٹل میں قیام کیا ان کی جانب سے بھی بھارتی ٹینس اسٹار کو بھرپور خوش آمدید کیا گیا، ثانیہ مرزا کی پوسٹ اور تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین سمیت متعدد معروف شخصیات کی جانب سے نیک خواہشات کا ذکر کیا گیا، دوسری جانب متعدد صارفین شعیب ملک کی غیر موجودگی پر پریشان ہوگئے، کئی صارفین نے سوال کیا کہ شعیب ملک کہاں ہیں؟ کیا شعیب ملک آپ کے ساتھ نہیں آئے؟
واضح رہے کہ اس سے قبل ثانیہ مرزا کی ٹینس سے ریٹائرمنٹ کے بعد دی گئی الوداعی پارٹی میں بھی شعیب ملک شریک نہیں ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ثانیہ اور شعیب ملک کی طلاق کے حوالے سے کئی افواہیں سامنے آئی تھیں، بھارتی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شعیب اور ثانیہ نے شادی کے 12 سال بعد علیحدگی اختیار کرلی ہے تاہم ان افواہوں کے درمیان، انہیں اردو فلکس پر مرزا ملک شو کی میزبانی کرتے بھی دیکھا گیا تھا۔
بھارتی سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی جانب سے تاحال علیحدگی کے حوالے سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے، اور نہ ہی دونوں نے اس حوالے سے کسی انٹرویو میں تبادلہ خیال کیا ہے، دونوں کی علیحدگی کی افواہیں صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہی سننے کو ملتی ہیں تاہم سابق بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور قومی کرکٹر شعیب ملک کے قریبی ذرائع کے مطابق دونوں کی کافی عرصہ سے ایک دوسرے سے بات چیت یا ملاقات نہیں ہوئی ہے۔

رمضان کے دوران تھکاوٹ، سستی سے کیسے بچا جائے؟

Back to top button