ٹوئیٹر کا لوگو فاختہ سے کتے میں تبدیل کیسے ہو گیا؟

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئیٹر آج کل چیف ٹوئیٹ ایلون مسک کی تجربہ گاہ بن کر رہ گیا ہے جہاں وہ آئے روز اس سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے صارفین کو کچھ نیا پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اب ٹوئیٹر کے لوگو فاختہ کو کتے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر برڈ کو کرپٹو کرنسی ڈاج کوائن والے کتے شیبا اینو کے ساتھ تبدیل کر دیا ہے جس کے باعث اس ڈیجیٹل کرنسی کی قیمت 30 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی۔
ارب پتی ایلون مسک کی جانب سے یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب ان کے وکلا نے جمعہ کو ایک وفاقی جج سے 258 ارب ڈالر کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست کی، مقدمے میں اس کاروباری شخصیت پر ڈاج کوئن کی قیمت میں ہیرا پھیری کرنے اور اسے 36 ہزار فیصد تک اوپر لے جانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
لوگو تبدیلی کے معاملے پر ٹوئٹر کا باضابطہ طور پر ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے، ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے پلیٹ فارم پر کرپٹو کرنسی ‘ڈوج کوائن’ کے لوگو پر موجود ‘شیبا اینو’ کتے کی تصویر لگائی گئی ہے۔یہ تبدیلی جمعے کو ہونے والی اس سماعت کے بعد ہوئی ہے جس میں ٹوئٹر کمپنی کے مالک ایلون مسک نے دھوکہ دہی کے ایک مقدمے میں جج سے مقدمہ خارج کرنے کی اپیل کی۔
ایلون مسک نے 258 ارب ڈالر کے مقدمے کو خارج کرنے کی استدعا کی تھی جس میں مسک پر ڈوج کوائن کی قیمت بڑھانے کے لیے دھوکہ دہی کا الزام ہے۔ایلون مسک کے وکلا کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں نے کبھی نہیں بتایا کہ ایلون مسک نے کس طرح دھوکا دہی کی کوشش کی، اس سماعت کے بعد پیر کو ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کر دیا گیا اور ایلون مسک نے ایک اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جیسا وعدہ کیا گیا تھا۔اس اسکرین شاٹ میں ایلون مسک کو ڈبلیو ایس بی چیئرمین نامی اکاؤںٹ سے کہا گیا تھا کہ ٹوئٹر خرید لیں اور اس کے برڈ لوگو کو ڈوج سے تبدیل کردیں۔
اسی طرح ایلون مسک نے ایک میم بھی شیئر کی جس میں ایک پولیس اہل کار بظاہر گاڑی کا لائسنس دیکھ رہا ہے جس میں ٹوئٹر کا برڈ لوگو لگا ہے جب کہ گاڑی میں موجود شیبا اینو کو کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ یہ پرانی تصویر ہے۔ایلون مسک کے اس اقدام کے بعد ٹوئٹر پر روس کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کچھ میمز بھی شیئر کی گئی۔ ان میمز میں شیبا اینو کی تصویر کے ساتھ مختلف ڈیزائن بنائے گئے تھے۔
ٹوئٹر کے لوگو کی تبدیلی کے بعد ‘ڈوج’ کوائن کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ لوگو کی تبدیلی کے بعد ڈوج کوائن کی قیمت میں 30 فی صد سے زیادہ اضافہ ہوا۔ڈوج کوائن کو دسمبر 2013 میں دو سافٹ ویئر انجینئرز کی جانب سے ایک ‘جوک’ کے طور پر بنایا گیا تھا۔ کوائن مارکیٹ کیپ ویب سائٹ کے مطابق ڈوج کوائن دنیا کی 10 سب سے قیمتی کرپٹو کرنسیز میں سے ایک ہے جس کا مارکیٹ کیپ 13 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فروری میں ایلون مسک نے جاپانی ‘شیبا اینو’ نسل کے کتے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ٹوئٹر کے نئے سی ای او بہترین ہیں۔ ایلون مسک کے پاس شیبا اینو نسل کا کتا ہے جس کو وہ فلوکی کے نام سے پکارتے ہیں۔
