ملک بھر میں اچانک بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کیوں؟

ملک کے اکثر بڑے شہروں میں
پچھلے چند روز سے روزانہ کی بنیادوں پر 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ شروع ہوچکی ہے
جس سے عوام پریشانی کا شکار ہیں اور سوال کر رہے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ میں اچانک اضافے کی کیا وجہ ہے؟
پاور سیکٹر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایندھن کی کمی اور پاور پلانٹس میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں بجلی کی طلب 19000 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی ہے اور بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ روزانہ تک پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی 8 گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع ہو چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار میں کمی جبکہ طلب و رسد کا فرق بھی بڑھ گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ گرمی کی شدت بڑھنے پر لیسکو کی بجلی کی طلب 3900 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی۔ نیشنل پاور کنٹرول کمپنی کی جانب سے لیسکو کو 2800 میگاواٹ بجلی روزانہ فراہم کی جارہی ہے، کیونکہ لیسکو کا شارٹ فال 1100 میگاواٹ تک پہنچ چکا ہے۔ بجلی کا شارٹ فال بڑھتے ہی لیسکو ریجن میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، دیہی اور شہر کے مضافاتی علاقوں کے لیے کوئی شیڈول ہی جاری نہیں کیا گیا، متعدد دیہی اور مضافاتی علاقوں میں گھنٹوں غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک میں اچانک سے ہر گھنٹے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے دلچسپ تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔سوشل میڈیا صارفین خصوصاً ٹوئٹر پر پچھلے کچھ دنوں سے جاری بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو ملک کے سیاسی حالات سے جوڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع کرا رکھی ہے جس پر ووٹنگ اگلے چند دنوں میں متوقع ہے۔
وزیراعظم عمران خان کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے حزب اختلاف کی جماعتوں کو پارلیمان میں کم سے کم 172 اراکین کی حمایت کی ضرورت ہے اور گذشتہ روز حکومتی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی اپوزیشن کی حمایت کے اعلان کے بعد انہیں 177 اراکین کی سپورٹ حاصل ہو گئی ہے۔
عدم اعتماد پر قومی اسمبلی اجلاس،ایم این اے علی وزیرجیل سےاسلام آبا دمنتقل
لوڈشیڈنگ اور ملک کی سیاسی صورتحال کو جوڑتے ہوئے نزہت نامی صارف نے لکھا کہ ’پرانے پاکستان میں واپسی کے ساتھ لوڈشیڈنگ بھی واپس آگئی ہے، نزہت نے طنزیہ انداز میں مزید لکھا کہ اب مزہ آئے گا۔ فواد علی نامی صارف نے لکھا لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی، لگتا ہے جہاز پرانے پاکستان میں داخل ہوچکا ہے، شیر بدخشانی نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ لاہور میں ہر گھنٹے بعد لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، اُمید ہے پاکستان سری لنکا کی طرح ڈیفالٹ نہیں کر گیا ہے اور حکومت کے پاس بجلی مہیا کرنے کے لیے پیسے ہیں۔
چمن نواز نامی صارف بھی سوال کرتے ہوئے نظر آئے کہ لوڈشیڈنگ کے پیچھے اصلی وجہ کیا ہے؟ ہمارے ہاں 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی، ایک گھنٹے بجلی آتی اور اگلے گھنٹے چلی جاتی اور یہ سلسلہ دن اور رات جاری رہا۔
latest news about load shedding across the country in Urdu | video
