زرداری نے شہبازشریف کو "مسٹر پرائم منسٹر” کہہ کرمخاطب کیا

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد خزب اختلاف شہباز شریف کو "مسٹر پرائم منسٹر” کہہ کر مخاطب کیا۔
سابق صدر آصف زرداری اورچیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں شریک ہوئے، پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، اختر مینگل اور شاہ زین بگٹی سمیت حزب اختلاف کے تمام اراکین اسمبلی بھی موجود تھے، اجلاس میں قومی اسمبلی کے سیشن کے حوالے سے اراکین پارلیمان کو اہم ہدایات دی گئیں۔
اس موقع پر جب آصف زرداری نے بات شروع کی تو شہباز شریف کو مخاطب ہوتے ہوئے مسٹر پرائم منسٹر کہا۔ آصف زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کو بھی وزیر داخلہ کہہ کر پکارا۔
قبل ازیں شہبازشریف پارلیمنٹ ہاؤس آئے تو صحافیوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروادی گئی ہے، وزیراعظم کو کوئی خط نہیں ملا وہ جھوٹ کا ایک پلندہ تھا، سب جھوٹ ہے کیوں کہ عمران نیازی جھوٹا آدمی ہے، صحافی نے شہبازشریف سے سوال کیا کہ چوہدری پرویز الہی کو وزارت اعلی کی پیشکش کی گئی ہے۔ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ اس سوال کا جواب آپ بتائیں۔

Back to top button