ایون فیلڈ ریفرنس کی پیروی کیلئے نیا پراسیکیوٹر مقرر
نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کیخلاف ن لیگ کی رہنما مریم نواز کی دائر اپیل کی پیروی کیلئے پراسیکیوٹرکو تبدیل کر دیا، جبکہ اس سے قبل تبدیل کیے گیے پراسیکیوٹر کے تقرر کو ایک ماہ کا عرصہ بھی مکمل نہیں ہوا۔
نئے پراسیکیوٹر امتیاز صدیقی لاہور سے تعلق رکھنے والے سینیئر وکیل ہیں اور انہیں کارپوریٹ، بینکنگ اور ٹیکس سے متعلق معاملات سے نمٹنے کا خاصہ تجربہ حاصل ہے، ایڈوکیٹ امتیاز صدیقی آج (پیر) کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوں گے۔
نیب کی جانب سے مریم نواز کے کیس کی پیروی کے لیے ایک پرائیویٹ وکیل محمد اظہر صدیقی کو لایا گیا، اظہر صدیقی کو بیرسٹر عثمان چیمہ کی جگہ تعینات کیا گیا تھا، جو ایک نجی وکیل تھے۔پراسیکیوٹر عثمان چیمہ کئی سماعتوں میں پیش نہ ہوئے اور بعدازاں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تاہم صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے خود کو کیس سے الگ کر لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے مریم نواز کے خلاف ٹرائل کورٹ میں پیش کیے گئے شواہد کے قابل قبول ہونے کے سوال پر بیورو کی جانب سے مسلسل سماعت ملتوی کروانے کا مطالبہ شروع کیا جارہا ہے۔