خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ پیش ، تنخواہوں،پنشن میں 10فیصد اضافہ

خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ پیش ، تنخواہوں،پنشن میں 10فیصد اضافہ کردیاگیا
سپیکر بابرسلیم سواتی کی زیرصدارت بجٹ اجلاس 2 گھنٹے 15 منٹ تاخیر سے شروع ہوا،وزیرخزانہ خیبر پختونخوا آفتاب عالم نے بجٹ پیش کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور ایوان بھی میں موجود تھے۔
صوبائی وزیر خزانہ آفتاب عالم نے100ارب روپے کاسرپلس بجٹ پیش کیا۔
وزیرخزانہ خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے بتایا کہ کل محصولات 1754 ارب روپے ہیں جبکہ کل اخراجات 1654ارب روپے ہیں۔کے پی حکومت نے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافےکا فیصلہ کیا ہے جبکہ ماہانہ پنشن بھی 10 فیصدبڑھانے کی تجویز کی گئی ہے۔صوبائی بجٹ میں کم سےکم ماہانہ اجرت 32 ہزار سے 36 ہزارکرنے کی بھی تجویز دی گئی ہےجبکہ صحت کارڈ کےلیے 34ارب روپےمختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
وزیرخزانہ کے مطابق تعلیم کے لیے کل 362 ارب 68 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ، تعلیم کے اخراجات گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہیں، اعلیٰ تعلیم کیلئے 35 ارب 82 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔30 ڈگری کالجز کرائے کی عمارتوں میں قائم کرنے کا منصوبہ ہے، وفاقی ٹیکس محصولات 902 ارب51 کروڑ روپے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے قابل تقسیم محاصل کا 1 فیصد 108 ارب 44 کروڑ روپے ہے، تیل و گیس کی رائیلٹیز اور سرچارج کی مد میں براہ راست منتقلی 42 ارب96 کروڑ روپے ہے، ونڈ فال لیوی آن آئل 46ارب83 کروڑ روپے ہے جبکہ پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں محصولات ” موجودہ سال” 33 ارب 10 کروڑ روپے ہیں۔
آفتاب عالم نے بتایا کہ پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں محصولات ” بقایاجات”78 ارب 21 کروڑ روپے ہے، مجموعی طور پر محصولات 1212 ارب 40 لاکھ روپے ہیں۔این ایف سی ایوارڈ کے تحت ضم اضلاع کا سالانہ حصہ 262 ارب روپے بنتا ہے، صوبے کو 262 میں سے صرف 123 ارب روپے ملے ہیں، خیبرپختونخوا کو 139 ارب روپے کے سالانہ خسارے کا سامنا ہے، ہر سال صوبہ کو واجب الادا رقم اپنے حصہ کے مقابلہ میں کم ملتی ہے۔
وزیرخزانہ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہوٹلوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 6 فیصد کر دی گئی ہے، ریسٹورنٹ انوائس منیجمنٹ سسٹم کا استعمال تمام ہوٹلوں کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شادی ہالوں کے لیے فکسڈ سیلز ٹیکس ریٹ متعارف کرنے کی تجویز ہے جبکہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں بڑا ریلیف دیا جا رہا ہے، کارخانوں پر پراپرٹی ٹیکس 2.5 روپے فی مربع فٹ ہے جو 10 ہزار 600 روپے فی کنال بنتا ہے۔اس ٹیکس کم کو کم کر کے 10 ہزار روپے فی کنال کرنے کی تجویز ہے۔
