محسن بیگ کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور

صحافی محسن بیگ کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی گئی ہے، اے ٹی سی کے جج محمد علی وڑائچ نے 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت منظور کی ہے۔

یاد رہے کہ صحافی محسن بیگ کیخلاف مارگلہ پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد ایف آئی اے ٹیم نے اسلام آباد کے سیکٹر 8/4 میں واقع ان کے گھر چھاپہ مارا تھا، اس دوران محسن بیگ کی جانب سے مبینہ طور پر ادارے کے اہلکاروں پر فائرنگ کی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی شکایت پر مارا گیا جنہوں ادارے کے سائبر کرائم ونگ میں محسن بیگ کے خلاف شکایت درج کی تھی، بعد ازاں پولیس نے مقدمے میں ساتھ تعزیرات پاکستان کی دفعات کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کر دی تھیں۔

محسن بیگ نے ’غیر مہذب اور نازیباں زبان‘ استعمال کرتے ہوئے مراد سعید کی کردار کشی کی تھی، یہ معاملہ نجی چینل ‘نیوز ون’ پر نشر کیے جانے والے پروگرام میں وزیراعظم کی جانب سے 10 وزراتوں کو بہترین کارکردگی کا ایوارڈ دینے کا معاملہ زیر بحث آیا تھا۔

پیمرا کے نوٹس کے مطابق اینکر غریدہ فاروقی نے اپنے پروگرام میں شریک مہمان سے سوال کیا کہ مراد سعید کی وزارت کے پہلے نمبر پر آنے کی حقیقی وجہ کیا ہے، بعد ازاں 16 فروری کو ایف آئی اے محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرلیا تھا۔

محسن بیگ کے خلاف مارگلہ پولیس نے تعزیرات پاکستان کی دفعات 148، 149، 186، 324، 342، 353 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

Back to top button