پاکستان کے اگلے وزیر اعظم شہباز شریف ہوں گے

سیاسی پیش گوئیوں کے حوالے سے مشہور پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر زراعت منظور وسان نے شہباز شریف کے آئندہ وزیراعظم بننے کی پیش گوئی کی ہے. میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں منظور وسان نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے متعلق پیش گوئی کی ہے وہ پاکستان کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے. منظور وسان نے حکومتی اتحادی جماعتوں سے متعلق بھی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور قاف لیگ نے بھی مستقبل کا فیصلہ کرلیا ہے. انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحاد میں شامل یہ دونوں جماعتیں 23 اور24 مارچ کے بعد حکومت سے الگ ہو جائیں گی اور اپوزیشن میں شمولیت کا اعلان کریں گی. صوبائی وزیر نے کہا کہ 28 مارچ سے قبل عمران خان کے دن پورے ہونے والے ہیں. انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جیل بھیجنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں. انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل یا خیرپور سینٹرل جیل میں رکھا جائے گا. عدم اعتماد سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے عدم اعتماد کے بعد نگراں حکومت تشکیل دی جائے. انہوں نے شہباز شریف سے متعلق ملک کے اگلے وزیر اعظم ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ وزیر اعظم بن جائیں گے پھر اس کے بعد عام انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا.
