چیئرمین PTI بلے کے نشان کی واپسی کیلئے پرعزم
پی ٹٰی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی ہے کہ ہماری جماعت کو بلے کا انتخابی نشان واپس مل جائے گا، عدالت سے رجوع کریں گے اور امید ہے سپریم کورٹ مداخلت کرے گی، ہمارا نشان بحال ہوگا۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سائفرکیس کو اوپن ٹرائل نہیں سمجھتا، یہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے، ہر انسان کے بنیادی حقوق ہیں، عدالتوں کو اسے قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہئے، سائفر کیس میں کوشش کی جا رہی ہے کوئی باہر نہ جا سکے، ہمیں ابھی کوئی سرٹیفائیڈ کاپیز بھی فراہم نہیں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑی عجلت میں ساری چیزیں ہو رہی ہیں، سپریم کورٹ نے واضح کہا سب کچھ کریں،کرمنل ٹرائل عجلت میں نہیں کیا جا سکتا، سوائے ہمارے کسی کا بھی کرمنل ٹرائل عجلت میں نہیں ہو رہا، بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بلے کا نشان واپس لینے کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے، امید ہے عدالت انصاف کرے گی، ان شاءاللہ سپریم کورٹ مداخلت کرے گی ہمارا نشان بحال ہوگا، بلا پاکستان کے 70 فیصد عوام کی نشانی ہے، کوئی بھی نشان الاٹ ہو وہ آپ سے کوئی نہیں چھین سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے رجوع کا آپشن بھی موجود ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے آرڈر میں کوئی ذکر نہیں کیا کہ جنہوں نے درخواستیں جمع کرائیں کیا وہ پی ٹی آئی کا حصہ تھے یا نہیں، الیکشن کمیشن نے ذکر ہی نہیں کیا ہم نے کسی قانون یا ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے، ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن پر کوئی اعتراض نہیں ہوسکتا، الیکشن کمیشن نے جو کل آرڈر پاس کیا ہے وہ اس کے پہلے آرڈر سے متصادم
ہے۔