معاشی عدم استحکام کی وجہ سے سیاسی افراتفری ہے

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مستقبل آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے میں مضمر ہے، سیاسی افراتفری کا ماحول بتاتا ہے کہ ہم اپنی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے میں کیوں ناکام رہے ہیں۔

یوم پاکستان پر قوم کےنام پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا عہد ساز دن ہے جو ہمیں ماضی کی یاد دلاتا ہے، آج کا دن موجودہ حالات پر غوروفکر کی دعوت اور خوشحال مستقبل کی تعمیرکی تحریک دیتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 23مارچ 1940 کو برصغیر کےمسلمانوں نے علیحدہ وطن کے قیام کی قرارداد منظور کی تھی، پاکستان کا قیام 20ویں صدی کا ایک معجزہ ہے، ہمارے پچھلے 75 سالوں کے سفر نے ہمیں جنگوں سے نبرد آزما ہوتے دیکھا، قدرتی آفات سمیت بہت سے بحرانوں سے لڑتے دیکھا، کئی مواقع ایسے آئے جب ہم نے مشکلات پر قابو پا لیا اور کئی سنگ میل حاصل کیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انسانیت کو درپیش مسائل کے حل اور عالمی امن کے لیے ذمہ دار قوم کا کردار ادا کیا، یوم پاکستان پر اپنے بانیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمیں ان چیلنجز کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے جو ہمارے سامنے ہیں، آج ہمیں سیاسی و معاشی عدم استحکام کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سیاسی و آئینی جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا تھا، پاکستان کا مستقبل آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے میں مضمر ہے، پاکستان کا مقدر عظیم کامیابیاں اور بلندیاں حاصل کرنا ہے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور اپنے آپ کوقومی مقصد سے آراستہ کرنا ہوگا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج کے دن بانیان پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج کا دن بحیثیت قوم ہمیں اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے کی یاد دہانی کراتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم نے ریاستی ادارے قائم کیے، اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، جوہری صلاحیت حاصل کی، دہشت گردی اور کرونا پر قابو پایا، قدرتی آفات کے دوران قربانی اور تعاون کے جذبے کا مظاہرہ کیا، ہمیں قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام پر جوڈیشل کمیشن تشکیل

Back to top button