علی امین کو عہدہ چھوڑنے کا بیان، حکومت عمران خان کی امانت ہے ، وزیر اعلی خیبرپختونخواہ

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عہدہ چھوڑنے سے متعلق بیان پر ترجمان خیبر پختونخوا حکومت فراز مغل کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی کے وژن کی نمائندہ ہے، اور علی امین گنڈاپور جب بھی عمران خان چاہیں گے، وزارت اعلیٰ کا منصب چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

فراز مغل نے وضاحت کی کہ علی امین گنڈاپور کو عمران خان کے حالیہ بیان سے متعلق کسی مستند ذریعے سے باضابطہ آگاہی نہیں ملی۔ ترجمان کے مطابق، علی امین متعدد مواقع پر یہ واضح کر چکے ہیں کہ خیبر پختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی کی "امانت” ہے۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ہونے کے باوجود اڈیالہ جیل میں اپنے قائد عمران خان سے ملاقات نہیں کر سکتے، حالانکہ عدالتی احکامات بھی موجود ہیں، مگر ان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، جو آئین و قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

خیبرپختونخوا میں بدامنی،عمران خان نےگنڈاپور سےاستعفیٰ مانگ لیا

 

ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں، اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قبائلی جرگوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ ہاؤس میں قبائلی عمائدین کا جرگہ منعقد ہوا، جس کے بعد ایک گرینڈ قبائلی مشاورتی جرگہ تشکیل دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کا ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا میں امن قائم نہیں کر سکتے اور گورننس کے مسائل حل نہیں ہوتے تو انہیں استعفیٰ دے کر کسی اور کو موقع دینا چاہیے۔

Back to top button