ووٹ بیچنے پر تاحیات نااہلی سپریم کورٹ کا بڑا اقدام ہوگا

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جن ارکان کی ویڈیوز آئی ہیں ان کے ووٹ کا فیصلہ سپیکر کی صوابدید ہے، ایم این اے کا ووٹ پارٹی کا ووٹ ہے، ووٹ بیچنے پر تاحیات نااہلی سپریم کورٹ کا بڑا اقدام ہوگا، یہ کیس پاکستان کے سیاسی مستقبل کا ہے، اپوزیشن کے کھیل کو ہم ختم کرینگے۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور وفاقی وزیر حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں انکا کہنا تھا پاکستان کا مستقبل اس بات سے جڑا ہے کہ عدالت ہارس ٹریڈنگ پر کارروائی کرے، عدالت گدھے، گھوڑے اور خچر کی ٹریڈنگ پر پابندی لگائے، سندھ ہائوس کے معاملے پر بات ہوئی، پولیس الیکشن سے عدالت مطمئن ہے اس معاملے کو ختم کر دیا گیا ہے ،

جس طرح سندھ ہائوس میں ضمیر فروشی ہوئی اسے روکنا ضروری ہے،سندھ ہائوس کے باہر بچے جذبات پر قابو نہ رکھا سکے اور احتجاج کیا، وہاں کھیلے گئے کھیل کا ابھی مداوا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ق، ایم کیوایم حکومت کا حصہ ہیں، دونوں کے پاس وزارتیں ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر حماداظہر کا کہنا تھاایسا نہیں ہوسکتا کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لیا جائے اور اسی کو چھرا گھونپ دیا جائے،

پارٹی لیڈر کیخلاف ووٹ دینا امانت میں خیانت ہے۔ انہوں نے کہاسندھ ہائوس میں جوہوا وہ پاکستان کی سیاسی تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہا کہ پی ڈی ایم جمہوری نہیں خریدو فروخت کی تحریک ہے۔

Back to top button