ناانصافیوں اور ظلم پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی چاہتے ہیں
قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا کہنا ہے ہمارا مطالبہ حکومت بنانا نہیں بلکہ ہم اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور ظلم پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی چاہتے ہیں۔ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کئی زخم ایسے ہوتے ہیں جو کبھی بھرتے نہیں لیکن ہم نے کبھی صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ان کا کہنا تھا ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کو اس گرداب سے باہر نکالا جائے، ملک کیلئے کچھ کرنے کی نیت لے کرمیدان میں آئے ہیں، سیاست کے میدان میں جوش و جذبے کے ساتھ ایک پروگرام لے کر آئے ہیں۔
کسی کا نام لیے بغیر نواز شریف کا کہنا تھا حال ہی میں ایک کھلنڈرے کو لایا گیا، اس کھلنڈرے کو پتہ ہی نہیں تھا کہ کیا کرنا ہے، ریاست مدینہ میں کیا ہوتا تھا اور کیا سکھاتی تھی اس کا پتا ہی نہیں تھا، سیاست کو چمکانے کے لیے اس نے ریاست مدینہ کا نام استعمال کیا، یہ قصے اور کہانیاں تھیں تو انہیں چاہیے تھا کہ چپ رہتے۔