پی ٹی آئی کے دو ,پنجاب اسمبلی کے 6 آزاد ممبران ن لیگ میں شامل

پاکستان تحریک انصاف کے 2 اراکین سمیت پنجاب کے 6 آزاد امیدوار ن لیگ میں شامل ہوگئے ہیں، اس سلسلے میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے نامزد نمائندگان کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، ن لیگ کے مطابق اجلاس میں شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایک مستحکم جمہوری حکومت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو درپیش معاشی، سیاسی، امن و امان اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کا حل نکالا جا سکے، پنجاب اسمبلی کے مزید 6 آزاد ارکان نے پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزد امیدوار مریم نواز شریف سے ملاقات میں پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شامل ہونے والوں میں پی پی 132 ننکانہ سے سلطان باجوہ، پی پی 225 لودھراں سے شازیہ ترین، پی پی 289 ڈیرہ غازی خان سے محمود قادر لغاری، پی پی 288 ڈیرہ غازی خان سے حنیف پتافی، پی پی 94 چنیوٹ سے تیمور لالی اور پی پی 283 لیہ سے علام اصغر گورمانی شامل ہیں۔ مسلم لیگ ن کے مطابق پی پی 132 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار احسن واہگا ناکام رہے جبکہ آزاد امیدوار سلطان باجوہ نے 47743 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی، پی پی 225 سے پاکستان تحریک انصاف کی نامزد آزاد امیدوار شازیہ حیات ترین نے 69799 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی۔
پی پی 289 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار سردار احمد علی خان ناکام رہے جبکہ ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار محمود قادر خان نے کامیابی اپنے نام کی، پی پی 288 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار ملک اقبال ثاقب ناکام رہے جبکہ ان کے مقابلے میں محمد حنیف پتافی 41657 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، پی پی 94 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار سید حسن نواز ناکام رہے جبکہ تیمور علی بطور آزاد امیدوار 47879 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔پی پی 283 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار غلام اصغر خان نے 56985 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی۔ کراچی کے حلقہ پی ایس 88 ملیر سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ جیتنے والے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اعجاز
سواتی پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔
