لالی ووڈ کی معروف اداکارائیں جو کہیں کھو گئیں

ٹی وی اور فلم انڈسٹری میں فنکار آتے ہیں چلے جاتے، کچھ کامیاب ہوجاتے ہیں تو کچھ ناکام یا پھر گمنام ہوجاتے ہیں، لالی ووڈ کے کچھ ایسے آشنا چہرے ہیں جو آئے، چھائے اور چلے گئے، لیکن دوبارہ کبھی ان کی خبر نہ ملی۔ تاہم ان چہروں کو پسند کرنے والے آج بھی ان کے فین ہیں۔ آئیے آج کچھ ایسے ہی فنکاروں کا ذکر کرتے ہیں۔

ٹی وی ڈراموں سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی لمبے قدر اور خوبصورت چہرے والی شکیلہ قریشی نے بعد ازاں مسٹر 420 اور مسٹر ٹربل سم جیسی فلموں میں بھی مرکزی کردار نبھائے۔ اس دوران شکیلہ نے ملک کے معروف کامیڈین اور لیجنڈ عمر شریف سے شادی بھی کر لی جو ذیادہ عرصہ نہ چل سکی۔ تاہم شکیلہ قریشی نے عمر شریف سے شادی کے بعد اپنا شوبز کیرئیر چھوڑ دیا تھا۔ لیکن عمر شریف سے طلاق کے بعد بھی وہ دوبارہ کبھی شوبزانڈسٹری میں نظر نہیں آئیں۔ شکیلہ قریشی اپنے دور کی ایک معروف اور خوبصورت آرٹسٹ تھیں لیکن اب وہ کہاں ہیں اور کس حال میں ہیں یہ کوئی نہیں جانتا۔

سیما رضوی ایک میوزیشن، گلوکارہ، اور اداکارہ تھیں، انہوں نے معین اختر کی فلم مسٹر کے ٹو میں بھی کام کیا، انتہائی خوبصورت تو وہ تھیں ہی لیکن ان کی آواز میں بھی جادو تھا، ان کے بارے میں بھی کوئی نہیں جانتا کہ وہ شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے بعد کہاں گئیں لیکن سنا یہی ہے کہ وہ انگلینڈ جا کر بس گئیں۔

نوے کی دہائی میں ایک نام کی بہت دھوم مچی اور و ہ تھا روبی نیازی کا، جنہوں نے ’ مستانہ ماہی‘،’جادو نگری‘، ’مسٹر چارسو بیس‘ جیسی کئی فلمیں کیں اور اپنا نام بنایا، لیکن پھر اچانک انہوں نے شوبز انڈسٹری چھوڑ دی اور غائب ہوگئی۔ اتنا ضرور معلوم ہوا کہ انہوں نے کراچی کے شخص سے شادی کرلی تھی جس کے کچھ عرصے بعد ہی شوہر کا انتقال ہوگیا۔ وہ اب اپنی بیٹی کے ساتھ رہتی ہیں لیکن کہاں ہیں اور کس حال میں ہے یہ کوئی نہیں جانتا۔

پاکستانی فلمی دنیا میں ایک حسین چہرہ نوے کی دہائی میں آیا جن کا نام تھا ستارہ، یہ گلوکارہ شمسہ کنول کی بہن بھی تھیں اور خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ان کی اداکاری بھی کافی جاندار تھی، ستارہ نے کئی مشہور پشتو اور اردو فلموں میں کام کیا اور پھر 1991 میں انہوں نے پشتو فلموں کے ایکشن ماسٹر پپو سے شادی کرلی، اس دوران اپنی فلمیں بھی مکمل کروائیں اور پھر فلم انڈسٹری کو ہی نہیں بلکہ شوبز انڈسٹری کو ہی مکمل طور پر خیر باد کہہ دیا، وجہ یہ تھی کہ ان کے شوہر کو پسند نہیں تھا کہ وہ شادی کے بعد فلموں میں کام کریں، افسوسناک بات یہ تھی کہ شادی کے ایک سال بعد ہی ستارہ کے شوہر کو قتل کردیا گیا، ان کی کوئی اولاد بھی نہیں تھی لیکن پھر بھی انہوں نے نہ تو دوسری شادی کی اور نہ ہی شوبز میں دوبارہ قدم رکھا، سنا یے کہ وہ لاہور میں ایک مکمل باپردہ زندگی گزار رہی ہیں۔

مشہور پاکستانی فلم امانت کی ہیروئن بازغہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں جب ان کا گلوکار عطااللہ عیسی خیلوی کے ساتھ معاشقہ ہوگیا اور دونوں نے شادی کرلی۔ اس شادی کے بعد بازغہ نے نہ صرف شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا بلکہ ان کی کوئی تصویر بھی دوبارہ کبھی سامنے نہ آئی۔ انہوں نے انڈسٹری چھوڑی تو پھر پھر صرف عطااللہ عیسیٰ خیلوی کی ہو کر رہ گئیں۔

خوبصورت اداکارہ عندلیب نے فلم گھونگھٹ میں کام کیا تو سب ہی ان کے دیوانے ہوگئے، لیک وہ بہت زیادہ فلمیں نہ کرسکیں کیوں کہ انکے عشق میں مبتلا حنیف گھمن نامی ایک شخص نے بے وفائی کرنے پر ان کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا، اس واقعے سےعندلیب کی زندگی میں جیسے طوفان آگیا، اس کا چہرہ تو مسخ ہو ہی گیا لیکن ساتھ ہی شوبز سے بھی رشتہ ٹوٹ گیا، باوجود کئی پلاسٹک سرجریز کے عندلیب کے چہرے پر پہلے جیسی خوبصورتی واپس نہ آسکی، سنا ہے کہ انہوں نے شادی کرلی اور پھر دبئی منتقل ہوگئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button