’’ڈنکی‘‘ انگلینڈ جانے کے خواہشمند 5 دوستوں کی کہانی

کنگ خان کی نئی فلم ’‘ڈنکی‘‘ پانچ دوستوں کی کہانی ہے جوکہ ہر قیمت پر انگلینڈ پہنچنے کے خواہشمند ہیں، فلم ریلیز کے پہلے ہی روز بھارتی سینمائوں میں دھوم مچا دی ہے، فلم کی کاسٹ میں شاہ رخ خان کیساتھ تاپسی پنو، وکی کوشل، دیا مرزا، بومن ایرانی، دھرمیندر سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔شاہ رخ اپنی اس فلم کے حوالے سے انتہائی پرجوش ہیں اور انھوں نے اس کی تشہیر کیلئے بین الاقوامی سطح پر مہم چلانے کے علاوہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر #AskSRK کے نام سے اپنے فینز کے سوالات کا جواب دینے کا خصوصی سیشن بھی رکھا۔ہدایتکار راج کمار ہیرانی کی فلم ’ڈنکی‘ کی کہانی انڈین ریاست پنجاب سے شروع ہوتی ہے، جہاں دوستوں کا ایک گروپ گاؤں چھوڑ کر انگلینڈ جانے کا فیصلہ کرتا ہے لیکن قانونی طریقے سے وہاں جانے کا ان کا ابتدائی خواب ناکام ہو جاتا ہے اور وہ ’ڈنکی‘ کا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔سابق فوجی افسر شاہ رخ خان (ہارڈی) ان کی رہنمائی کرتے ہیں، ہارڈی کی ملاقات فلم کے اہم کردار منو (تاپسی پنو)، بالی (انیل گروور) اور بگو (وکرم کوچر) سے ہوتی ہے، ان میں سے ہر شخص کے پاس لندن جانے کی اپنی وجوہات ہیں۔فلم کے شروع میں خود ہارڈی کا ملک چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن وہ منو سے محبت کر بیٹھتے ہیں اور ان کے ساتھ انگلینڈ جانے کا فیصلہ کرتے ہیں، دوستوں کا یہ گروپ پہلے ویزہ حاصل کرنے کیلئے بومن ایرانی سے انگریزی کی تعلیم حاصل کرتا ہے لیکن جب وہ اس کے امتحان میں ناکام ہو جاتے ہیں تو آخرکار ’ڈنکی‘ کے مشکل طریقے سے انگلینڈ کے سفر پر نکل جاتے ہیں۔واضح رہے کہ انڈیا کی ریاست پنجاب سے دیگر ملکوں میں ہجرت کئی دہائیوں سے عروج پر ہے لیکن حالیہ برسوں میں ریاست کو درپیش معاشی چیلنجوں کے وجہ سے بہت سے نوجوانوں نے مغربی ممالک کے بہتر معیشتوں کی طرف ہجرت کیلئے ’ڈنکی‘ کا خطرناک راستہ اختیار کیا، اپنی اس فلم کیلئے شاہ رخ خان نے 2 روز قبل دبئی میں ہونے والی پروموشن کے دوران کہا تھا کہ ’ڈنکی ان تمام لوگوں کے بارے میں ہے جو کام کی وجہ سے اپنا گھر چھوڑ کر کہیں اور گھر بنا چکے ہیں۔’ایکس‘ پر #AskSRK کے نام سے شاہ رخ خان کے سیشن میں جہاں فینز کو سپر سٹار سے فلم کے بارے میں جاننے کا موقع ملا وہیں شاہ رخ خان نے بہت دلچسپ انداز میں صارفین کے سوالوں کے جواب بھی دیئے، اس منفرد انداز میں تشہیر نے فلم بینوں کے شوق کو مزید ہوا دی، ایک مداح نے شاہ رخ سے سوال کیا کہ ’آپ اپنے (چھوٹے بیٹے) ابرام کو کب یہ فلم دکھا رہے ہیں؟ اس کا جواب بھی شاہ رخ نے لکھا کہ ابرام فلم دیکھ چکا ہے اور جب سے وہ مسلسل گنگنا رہا ہے ’آئی وانٹ ٹو گو ٹو لیویٹری‘۔ایک اور صارف نے اسی حوالے سے پوچھا کہ شاہ رخ خان کی بیگم گوری کو ان کی فلم کیسی لگی؟ جس پر شاہ رخ نے جواب دیا کہ ’انھوں نے کہا ہے کہ یہ فلم فخر کے قابل ہے اور اس میں انھیں مزاح بہت پسند آیا، سنیل شیٹی نے لکھا کہ ’ڈنکی کا بڑی سکرین پر جادو دیکھنے کیلئے مزید انتظار نہیں کر سکتا، فلم کی کاسٹ اور پوری ٹیم کیلئے دعاگو ہوں۔اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے سنیل شیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے امید ہے آپ تھیٹر میں قہقہہ لگانے کے بعد روئیں گے بھی جیسا کہ راج کمار ہیرانی کی فلموں میں ہوتا ہے، ایک صارف نے شاہ رخ خان کے دبئی کے بلند ٹاور پر لگے تشہیری بل بورڈز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کو دنیا کی بلند ترین عمارت پر یہ دیکھ کر کیسا لگ رہا ہے جس پر شاہ رخ خان نے لکھا کہ میں دنیا بھر کے تمام لوگوں کا بہت مشکور ہوں جنھوں نے مجھے ایک انٹرٹینر کے طور پر اتنا پیار دیا۔

کیا سیاسی جماعتیں اب انتخابی معرکہ سوشل میڈیا پر لڑینگی؟

Back to top button