کیفی خلیل نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا

معروف گلوکار کیفی خلیل کے گانے ’’کہانی سنو‘‘ کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، گانے نے دنیا کے سب سے بڑے آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر 8ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
کنا یاری‘ فیم گلوکار نے ابتدائی طور پر ’’کہانی سنو‘‘ کو جنوری 2021 میں ریلیز کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا، بعد ازاں کیفی خلیل نے اسی گانے کو نئے انداز میں جون 2022 میں بھی ریلیز کیا تھا۔
گلوکار نے انسٹا گرام پر اپنے مداحوں کو پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ کا شکر ہے اور آپ سب کا بہت بہت شکریہ، آپ کی محبت اور حمایت کے لیے ڈھیروں پیار اور دعائیں، میرے تمام مداحوں کے لیے میں ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔
انہوں نے لکھا کہ ’ہمیشہ کوشش کروں گا کہ آپ سب کے لیے ہمیشہ لکھتا رہوں، جو میں محسوس کرتا ہوں آپ سب کے لیے، تم سب کے لیے ڈھیر سارا پیار میرے ٹوٹے ہوئے دوستوں۔
ذوالفقار خان نے انسٹا گرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کے لیے حالیہ دنوں میں عالمی سطح پر کسی گیت اور فنکار کے لیے یہ شاید سب سے بڑی کامیابی ہے، کہانی سنو 2.0 از کیفی خلیل اس وقت یوٹیوب گلوبل میوزک ویڈیو چارٹس پر آٹھویں نمبر پر ہے جو یہ اعزاز حاصل کرنے والا پاکستان کا پہلا گانا ہے۔
گلوکار کیفی خلیل کے گانے کو دنیا بھر میں بہت پسند کیا گیا اور اسے دیگر گلوکاروں نے بھی گاکر شہرت حاصل کرنے کی کوشش کی، اس گانے کو اب تک 11 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، ’’کہانی سنو‘‘ حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والے ڈرامے ’’مجھے پیار ہوا تھا‘‘ کا ٹائٹل سانگ بھی ہے۔
یوٹیوب پر سب سے زیادہ مقبول 10 گلوبل گانوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر شاہ رخ خان کی سپر ہٹ فلم پٹھان کا گانا ’’جھومے جو پٹھان‘‘ ہے۔
