ماہرہ خان اور فہد مصطفی کی قائد اعظم زندہ باد فلاپ
ماہرہ خان اور فہد مصطفی کی بڑی عید پر ریلیز ہونے والی فلم قائد اعظم زندہ باد فلاپ ہو گئی ہے۔ پاکستان میں عید کا تہوار فلم سازوں کے لیے ہمیشہ بہت اہم رہا ہے۔ رواں برس عیدالفطر پر 4 اردو فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھیں جبکہ عیدالاضحٰی کے موقع پر 3 اردو فلمیں ریلیز ہوئیں۔ ان میں ہدایت کار نبیل قریشی کی ’قائدِاعظم زندہ باد‘، ندیم بیگ کی ’لندن نہیں جاؤں گا‘ اورعبدالخالق خان کی ’لفنگے‘ شامل ہیں۔ ہدایت کار وحید اعوان کی پنجابی زبان میں بننے والی فلم ’اشتہاری ڈوگر‘ بھی اس عید پر نمائش پذیر ہوئی۔ اس کا مرکزی کردار پنجابی فلموں کے ماضی میں معروف اداکار سلطان راہی کے بیٹے حیدر سلطان نے نبھایا۔
ان فلموں کے ساتھ ساتھ 3 پشتو فلمیں بھی سینماؤں کی زینت بنیں جن میں لیاقت علی خان کی ’غلامی نہ منم‘، ارشد خان کی ’اعلانِ جنگ‘ اور شاہد عثمان کی ’خانہ بدوش‘ شامل تھیں۔ انگریزی فلموں میں مارول اسٹوڈیوز کی فلم ’تھور‘ بھی عید پر پاکستان میں ریلیز ہونے والی فلموں میں سے ایک ہے۔ مگر ماہرہ خان کی فلم ’قائدِاعظم زندہ باد‘ تمام تر دعوؤں کے باوجود کوئی کمال دکھانے میں ناکام رہی۔
اس فلم کی پروڈیوسر فضا علی مرزا ہیں اور ہدایت کار نبیل قریشی ہیں۔ اس فلم ساز جوڑی نے اب تک 6 فلمیں بنائی ہیں۔ تمام فلموں کو دونوں نے مل کر لکھا۔ ان کو پروڈیوس فضا علی مرزا کرتی ہیں اور ہدایت کاری کے فرائض نبیل قریشی انجام دیتے ہیں۔ ان 6 فلموں میں سے 5 میں، ہیرو کا مرکزی کردار فہد مصطفٰی نے ہی نبھایا، جبکہ اداکارائیں تبدیل ہوتی رہیں۔ ان دونوں کی فلموں میں اداکاراؤں کی اداکاری کا سلسلہ عروا حسین اور کبریٰ خان سے ہوتا ہوا، ہانیہ عامر، مہوش حیات اور سجل علی سے ہوکر اب ماہرہ خان تک آپہنچا ہے۔
اس فلم ساز جوڑی کی فلموں میں اداکاراؤں کے علاوہ ہر چیز تقریباً مساوی ہے، جیسا کہ ہیرو، ولن، کامیڈین، فلم کے لگے بندھے فریم، حتیٰ کہ شوٹنگ کے مقامات، ڈرون سے لیے گئے مناظر، موسیقی کا انداز اور ایسے سماجی موضوعات، جن کا تعلق کسی نہ کسی طرح عوام الناس سے ہو اور اس میں بھی کسی نہ کسی طرح پاکستانی میڈیا آجائے۔ یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ فلم ساز جوڑی بہت آئیڈیل ماحول میں ایسے لوگوں کے ساتھ کام کرتی ہے، جن سے ان کی ذہنی ہم آہنگی ہے، مگر دوسرا پہلو دیکھا جائے تو یہ یکسانیت بھی ہے، جس کو ان کی فلموں میں محسوس کیا جاسکتا ہے۔
امریکہ اور اسرائیل کے ایران مخالف اعلامیے پر دستخط
ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ ان کی ساری فلموں کے مناظر مکس کردیے جائیں اور پھر ان کو الگ کرنے کا کہا جائے تو عام فلم بین کے لیے یہ جاننا بہت مشکل ہوگا کہ کون سا منظر کس فلم سے لیا گیا ہے کیونکہ فریم ورک سے لے کر مکالمات تک، سب کچھ ایک جیسا ہی لگتا ہے۔ مکالمات کے تناظر میں مثال کے طور پر عامر لیاقت کا بالواسطہ تذکرہ، ان کے مکالمات میں عود ہی آتا ہے۔
ان کی پہلی فلم ’نامعلوم افراد‘ سے لے کر موجودہ فلم قائدِاعظم زندہ باد تک جو چیز بہت بہتر ہوگئی ہے وہ ان کا پروڈکشن ڈیزائن ہے۔ اس مرتبہ فلم میں ویژول ایفیکٹس کے استعمال سے فلم میں مزید نکھار آیا، گیتوں کی عکس بندی بھی قابلِ تعریف ہے اور بطور سینماٹوگرافر رانا کامران بھی تعریف کے حقدار ہیں۔
اس فلم ساز جوڑی کی تمام فلموں، بشمول قائدِاعظم زندہ باد کی کہانیوں کے ون لائنر تو بہت اچھے اور اچھوتے ہیں مگر چونکہ یہ دونوں کہانی خود لکھتے ہیں اور اپنی فلموں کے علاوہ کچھ نہیں لکھتے تو ایک اسکرین رائٹر کیسے کہانی کہنے پر گرفت رکھتا ہے، یہ دونوں اس سے ناآشنا ہیں۔ متعدد بار اسکرپٹ میں زبان اور مطلب کی غلطیاں بھی کرتے ہیں، مثال کے طور پر قائدِاعظم زندہ باد میں ایک جگہ ہیرو کہتا ہے کہ ’میرا یہ کہنا آپ کو بہت ناگزیر گزرا ہوگا‘، جبکہ یہاں لفظ ناگوار آنا تھا، یعنی میرا یہ کہنا آپ کو بہت ناگوار گزرا ہوگا۔ ایک رائٹر کو ناگزیر اور ناگوار کا فرق پتا ہونا چاہیے۔
کہانی میں کرپشن کا خوب تذکرہ ہے جس میں پولیس والوں سے لے کر سیاستدانوں تک اکثریت کو رشوت خور اور وسائل کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویسے یہ بھی سوال ہے کہ کیا پاکستان میں مالی کرپشن صرف پولیس اور سیاستدانوں نے ہی کی ہے؟
رشوت پر مبنی اس کہانی میں ایک ڈائیلاگ بار بار آیا کہ ’قائدِاعظم ہمیں دیکھ رہے ہیں‘، تو کیا قائدِاعظم صرف پولیس والوں اور سیاستدانوں کو کرپشن کرتا ہوا دیکھ رہے ہیں، اور کیا پاکستان میں کرپشن کے باقی کرداروں کو وہ نہیں دیکھ رہے؟ فلمساز کو اس سوال کا جواب ضرور معلوم ہوگا اور فلم میں تمثیلی ہی سہی ان کرداروں کا تذکرہ بھی آنا چاہیے تھا۔
فلم میں پولیس والوں سے لے کر سیاستدانوں تک اکثریت کو رشوت خور دکھایا گیا ہے،اسی طرح ان کی فلموں میں کرداروں کا کلائمکس، مکالمے کی شدت، کہانی میں کرداروں کی نشست و برخاست اور اس طرح کے بہت سارے پہلو کمزور ہیں۔
اس فلم میں اداکاری کے لحاظ سے فہد مصطفٰی اور ماہرہ خان کے درمیان کوئی کیمسٹری دکھائی نہیں دی۔ دونوں اپنی اپنی لائنیں ادا کرکے فلم کی کہانی میں آگے بڑھتے رہے، کئی جگہ تو شدید اکتاہٹ ہوئی۔ اس فلم میں اگر اداکاری کسی نے کی ہے تو وہ قوی خان ہیں جنہوں نے اپنے مختصر سے کردار میں خود کو بڑا اداکار ثابت کیا۔
نیر اعجاز، محمود اسلم، سلیم معراج اور دیگر اپنی روایتی اداکاری کرتے دکھائی دیے۔ جاوید شیخ نے اس بار بھی کچھ منفرد طور سے اپنے کردار کو نبھانے کی کامیاب کوشش کی، وہ مرکزی کردار سے جڑے ذیلی کردار تھے اور اس وجہ سے فلم کے مرکزی اداکار فہد مصطفٰی سے زیادہ امید جاوید شیخ سے لگی رہی تھی کہ وہ فلم کا سارا بوجھ اپنے کاندھوں پر اٹھائیں گے اور ایسا ہی ہوا۔ پھر ہیرو کا موٹر سائیکل سے چھلانگ مار کر ہوائی جہاز پر کود جانا، جہاز میں لڑائی کے مناظر اور جہاز کا پانی میں گر جانا، ان فلمی سینز کو دیکھ کر فلم ساز کے آئی کیو لیول پر دل خون کے آنسو رویا، اس کے سوا اور کیا بھی کیا جاسکتا ہے۔