ساحر لودھی کو میڈیا سے نفرت کیوں ہونے لگی؟

معروف اداکار و میزبان ساحر لودھی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا ٹرولنگ ہمارے کام کا حصہ ہے، تنقید کرنا لوگوں کا حق ہے، لیکن جب لوگوں نے میری بیٹی کو گالی دی تو اس کے بعد سے میڈیا سے نفرت ہونے لگی ہے۔ساحر لودھی مارننگ شوز، رمضان ٹرانسمیشن اور گیم شو کی میزبانی کرنے اور اپنے مخصوص انداز بیان کے حوالے سے مشہور ہیں، انہیں زیادہ تر لوگ ’پاکستان کے شاہ رخ خان‘ کے طور پر بھی جانتے ہیں۔ماضی میں ساحر لودھی کو ان کی میزبانی اور اداکاری پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، ان کی فلم ’راستہ‘ کے بعد کئی بار لوگوں نے ان پر بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی کاپی کرنے کا بھی الزام لگایا تاہم ساحر لودھی نے کبھی کسی تنقید کا جواب یا ردعمل نہیں دیا۔انہوں نے کچھ وقت کیلئے اداکاری کے شعبے سے کنارہ کشی اختیار کی ہے، اس دوران انہوں نے ایسٹرو فزکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے، حال ہی میں انہوں نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ ’’ایکسکیوز می‘‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے سوشل میڈیا ٹرولنگ، عامر لیاقت سے دوستی، شاہ رخ خان سے ملاقات اور دیگر مختلف موضوعات کے حوالے سے گفتگو کی۔پوڈکاسٹ کے شروع میں انہوں نے بتایا کہ انٹرٹینمنٹ کا انہیں بچپن سے شوق تھا، ’بچپن سے شان کی فلمیں دیکھتا تھا، گزشتہ تین چار سال سے ٹی وی پر کام نہیں کیا لیکن اب وہ دوبارہ ایک نئے شو کے ساتھ واپس آنے والے ہیں، تاہم انہوں نے شو کے حوالے سے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ساحر لودھی نے بتایا کہ مرحوم عامر لیاقت میرے بہت اچھے دوست تھے، میں ان کے بارے میں بہت کچھ جانتا ہوں جو دوسرے لوگ نہیں جانتے، جب عامر لیاقت کا انتقال ہوا تو مجھے لگا کہ میں نے ایک بھائی اور دوست کھو دیا ہے، میری ان سے انتقال سے 15 دن پہلے ملاقات ہوئی تھی۔میں نے بہت سے لوگوں کو ڈاکٹر عامر لیاقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا ہے، ہمیں کسی کے بارے میں بات نہیں کرنی چاہیے، ہم سب انسان ہیں، ہم سب غلطیاں کرتے ہیں، میرے ساتھ بھی بہت کچھ ہوا، میں نے ڈاکٹر عامر لیاقت کو لوگوں میں پیسے بانٹتے ہوئے دیکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’کوئی لاکھ بار بُرا بھلا کہہ لے مجھے کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن ایک بار میری 2 سالہ بیٹی کو کسی نے گالی دی تھی جس کے بعد مجھے میڈیا سے نفرت ہونے لگی۔ فلم ’راستہ‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے کسی نے فلم کی کہانی سنائی، مجھے وہ سُن کر اچھی لگی، لیکن جب فلم بنی تو بہت ساری چیزیں خراب ہوگئیں، کہانی کو بہت تبدیل کر دیا گیا۔بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان سے موازنہ کرنے کے سوال پر ساحر لودھی نے کہا کہ اگر آپ کو 18 سالوں میں میرا کام نظر نہیں آیا تو میں آپ کو کبھی نظر نہیں آؤں گا، شاہ رخ خان اور میرا کام بالکل الگ ہے، جب میری شاہ رخ خان سے ملاقات ہوئی تو ہم دونوں ایک دوسرے کو دیکھ کر مسکرائے، انہوں نے مجھ سے کہا کہ ’آپ بہت good looking ہیں‘، جس پر میں نے کہا کہ ’آپ بھی ہیں‘، جس پر شاہ رخ نے کہا کہ ’جی بالکل ہم دو ہی تو ہیں۔ساحر لودھی نے کہا کہ میں نے ان کی ہمیشہ سے بہت قدر کی ہے، وہ بہت بڑے آدمی ہیں، میں نے کبھی محسوس نہیں کیا کہ میں ان سے مماثلت رکھتا ہوں، مجھے نہیں معلوم لوگ ایسا کیوں بولتے ہیں لیکن میں نے ان کے سٹائل کو کاپی کرنے کی کبھی کوشش نہیں کی۔

Back to top button