سوشل میڈیا پر سجل علی کی آواز میں میڈم کی غزل کی دھوم

اداکاری کے میدان میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی سجل علی گائیکی بھی خوب کرتی ہیں، اداکارہ نے مقامی شو کے دوران ناصر کاظمی کی غزل ’’نیت شوق بھر نہ جائے کہیں‘‘ گا کر ملکہ ترنم کی یاد تازہ کر دی۔

اداکارہ سجل علی نے ’’بی بی سی ایشین نیٹ ورک‘‘ کے ریڈیو شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نئی آنے والی فلم ’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟ اور اپنے شوبز کیریئر پر تفصیلی گفتگو کی۔

انٹرویو کے دوران گیم راؤنڈ میں سجل علی نے پہلے سلمان خان کی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ میں عاطف اسلم کا گانا ’’دل دیا گلاں‘‘ گنگنایا بعد ازاں میزبان کی فرمائش پر سجل نے ناصر کاظمی کی غزل ’’نیت شوق بھر نہ جائے کہیں‘‘ گنگنائی، اس غزل کو میڈم نور جہاں نے گایا تھا۔

یاد رہے کہ سجل علی نے اس سے قبل ڈراما سیریل ’’او رنگ ریزا‘‘ کا گانا معروف گلوکار ساحر علی بھگا کے ساتھ گایا تھا جسے مداحوں کی جانب سے کافی پسند کیا گیا تھا۔

انٹرویو کی دوران سجل نے ایک بار پھر بالی وڈ اداکارہ سری دیوی کے ساتھ کام کا تجربہ شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ سری دیوی کے ساتھ کام کا تجربہ نہایت خوشگوار تھا کیوںکہ سری دیوی کو دیکھ کر ہی انسان سب کچھ بھول جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک اچھے اداکار کے لیے اس کا اچھا انسان ہونا بھی ضروری ہے تاکہ کوئی بھی شخص ان کے ساتھ اچھا محسوس کر سکے اور سری دیوی میں یہ تمام خصوصیات پائی جاتی تھیں، اس سے قبل سجل نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سری دیوی کے ساتھ کام کرنا میرے لیے بہت بڑی بات تھی اور میرے ملک کے لیے بھی اعزاز کی بات تھی۔

کیفی خلیل نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا

Back to top button