اداکارہ سونیا نے ڈرامہ میرے پاس تم ہو کی آفر کیوں ٹھکرائی؟

معروف اداکارہ سونیا حسین کے مطابق 2020 کے دوران انہیں ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو میں مہوش کے کردار کی آفر کی گئی تھی جس کو کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔

ڈرامہ میرے پاس تم ہو کو 2019 کے اختتام پر نشر کیا گیا تھا جو 2020 کے آغاز تک نشر ہوتا رہا اور ڈرامے نے ٹی وی کے کئی نئے ریکارڈز اپنے نام کیے تھے، میرے پاس تم ہو میں عائزہ خان نے مہوش نامی ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کیا تھا جو کہ امیر اور شادی شدہ مرد کی وجہ سے اپنے غریب شوہر اور بچے کو چھوڑ دیتی ہیں۔

ڈرامے کو اس کی کہانی اور اس میں شامل’ دو ٹکے کی عورت’ جیسے مکالمے کی وجہ سے کافی تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا، تاہم اس کے باوجود اس نے کئی ریکارڈز اپنے نام کیے اور یہ ٹی وی کی تاریخ کا مقبول ترین ڈراما بھی بنا۔

ڈرامے کے نشر ہونے کے دو سال بعد اب سونیا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ عائزہ خان سے قبل انہیں مہوش کے کردار کی پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے کام کرنے سے انکار کر دیا تھا، سونیا حسین حال ہی میں فہد مصطفیٰ کے شو فورتھ امپائر میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔

اداکارہ نے ایک سیگمنٹ میں بتایا کہ کسی بھی شوبز شخصیت کو اپنی ہی انڈسٹری کی شخصیت سے شادی نہیں کرنی چاہئے، کیوںکہ ایک وقت میں ایک ہی گھر میں ایک اسٹار ہو تو اچھا لگتا ہے، اسی سیگمنٹ میں انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستانی مرد شوبز اداکاروں میں سب سے زیادہ میک اپ عمران عباس کرتے ہیں۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں سونیا حسین نے بتایا کہ ٹچ بٹن میں پیسوں سمیت دیگر جو بھی تنازعات تھے، حل ہوگئے اور انہیں جتنے پیسے ملنے تھے، انہیں اس سے زیادہ پیسے دیئے گئے، شکوہ کیا کہ لوگ انہیں متعدد اداکاراؤں اور خصوصی طور پر بالی وڈ خواتین کی ہم شکل قرار دیتے ہیں جبکہ ایسا نہیں ہے۔

سونیا حسین نے کہا کہ زیادہ تر لوگ انہیں پریانکا چوپڑا کا ہم شکل قرار دیتے ہیں، تاہم انہیں دیگر اداکارائوں جیسا بھی قرار دیا جاتا ہے، اپنے آئیڈل شوہر کے حوالے سے بتایا کہ ایسا ہونا چاہئے کہ وہ اپنی ہر بات کہہ سکے، وہ بہادر ہو، اس میں مرد والی خوبیاں ہونی چاہئیں، ان کے خیال میں وہ محنت کش شخص سے شادی کریں گی، چاہے پھر وہ امیر ہو یا غریب ہو، لیکن سست شخص سے شادی کرنا پسند نہیں کریں گی۔

اسی طرح اداکارہ نے بتایا کہ مرد کو وفادار اور سچا ہونا چاہئے، عام طور پر مرد بہک جاتے ہیں اور وہ ادھر ادھر دیکھنے لگتے ہیں، میرے پاس تم ہو ڈرامے میں انہیں کاسٹ کیے جانے کی پیش کش سے متعلق انہوں نے کبھی کچھ نہیں کہا، البتہ ہمایوں سعید اور ندیم بیگ نے خود ہی انکشاف کیا۔

سونیا حسین نے اعتراف کیا کہ تاہم عائزہ خان کی جانب سے شاندار اداکاری کرنے پر مہوش کا کردار جان دار اور منفرد بھی دکھائی دیا، خیال رہے کہ سونیا حسین نے 2020 کے ڈرامے محبت تجھے الوداع میں ایک ایسی بیوی کا کردار ادا کیا تھا جو کہ پیسوں کی لالچ میں اپنے شوہر اداکار زاہد احمد کی امیر خاتون منشا پاشا سے شادی کروا دیتی ہیں۔

آئی ایم ایف پاکستان کو فوری قرض دینے سے گریزاں کیوں ہے؟

Back to top button