لاہور ٹیسٹ سیریز ، تیسرے روزآسٹریلیا کو134 رنز کی برتری حاصل

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلی جانیوالی ٹیسٹ سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان کی ٹیم 268 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی،آسٹریلوی ٹیم نے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں 11 رنز بنا کر 134 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
تیسرے روز کے کھیل سے قبل یوم پاکستان کی مناسبت سے قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔
تیسرے روز پاکستان ٹیم نے 90 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا،وقفے سے قبل عبداللہ شفیق نیتھن لائن کی بال پر 81 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، اظہر علی 78 رنز کی اننگز کھیل کر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ جبکہ فواد عالم 13 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ محمد رضوان ایک رن بنا کر مچل سٹارک کی گینڈ پر آئوٹ ہوئے جبکہ ساجد خان کو پیٹ کم نے آئوٹ کیا۔ نعمان علی بابر اعظم کا ساتھ دینے آئے تو وہ 268 پر پویلین لوٹ گئے، یوں پاکستان کو 7ویں نقصان کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں حسن علی، بابر اعظم اور نسیم شاہ مجموعی اسکور میں کوئی اضافہ نہ کرسکے۔
پہلی اننگز میں عبداللہ شفیق 81، اظہر علی 78 اور بابر اعظم 67 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، پیٹ کمنز نے 5 اور مچل سٹارک نے 4 کھلاڑیوں کو شکار بنایا جبکہ نیتھن کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
دوسرے روز کے کھیل میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کی 391 رنز کی برتری ختم کرنے کے لیے بیٹنگ شروع کی تو پاکستانی اوپنر امام الحق 11 رنز بنا کر 20 کے مجموعی اسکورپر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔بعد ازاں عبداللہ شفیق اور اظہر علی نے سکور کو 90 تک پہنچایا۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے 232 رنز 5 وکٹوں سے دوسرے روز اپنی بقیہ اننگز کا آغاز کیا تو الیکس کیری 67 اور کیمرون گرین 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ الیکس کیری کو نعمان علی اور کیمرون گرین کو نسیم شاہ نے آئوٹ کیا، جس کے بعد آسٹریلوی ٹیم زیادہ دیر پر وکٹ پرٹھہر نہ سکی اور 391 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ساجد خان اور نعمان علی نےایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے روز مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کیا جبکہ اس کی بیٹنگ لائن شروع میں ہی لڑکھڑا گئی اور پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے 8 رنز پر دو کھلاڑی پویلین بھیج دیئے۔اوپنر ڈیوڈ وارنر 7 رنز جبکہ مارنس لبوشین بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے علاوہ سپنر نعمان علی کی گیند پر کپتان بابراعظم نے عثمان خواجہ اور نعمان علی نے اپنی ہی گیند پر اسٹیو اسمتھ کا اہم کیچ چھوڑ دیا۔اسٹیو اسمتھ 59 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے اور اوپنر عثمان خواجہ 91 رنز بنا ساجد خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ٹریوس ہیڈ 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کیمرون گرین 20 اور الیکس کیرے 8 رنز بنا کرکریز پر موجود ہیں۔
