عماد وسیم نے شارجہ کی پچزکومشکل قرار دیدیا

: آل راؤنڈر عماد وسیم نے شارجہ کی پچز اور کنڈیشنز کو دنیا کی مشکل ترین قرار دے دیا، کہتے ہیں کہ ایسی پچز اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔میچ کے اختتام پر جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے کہتا آیا ہوں کہ کبھی آؤٹ آف فارم میں نہیں رہا، چانسز مل رہے ہیں لیکن شارجہ کی وکٹ کافی مشکل ہے۔ یہاں پر خیال تھا کہ 130 سے 140 کا سکور اچھا ہوگا، اچھا ہدف دینے میں کامیاب رہے تھے۔ ہم نے آخر تک کوشش بھی کی کہ رنز کا دفاع کرسکیں لیکن بدقسمتی سے ہار گئے۔
آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، اچھے کھلاڑی وہ ہوتے ہیں جو کنڈیشنز کے مطابق بیٹنگ اور بولنگ کرتے ہیں، وکٹ کو دیکھ کر بیٹنگ اور بولنگ کی جاتی ہے۔عماد وسیم کا کہنا تھا کہ سیریز ہارنے کا بہت دکھ ہے اور اس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ہے، ہماری ترجیح اب آخری میچ جیت کر وائٹ واش سے بچنا ہے۔ اس کے لیے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
