شعیب ملک شو کی میزبانی کے بعد اداکار بننے کیلئے بھی تیار

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے شوہر شعیب ملک نے ٹی وی شو کی میزبانی کے بعد مستقبل میں اداکاری کا بھی عندیہ دے دیا ہے۔

قومی آل رائونڈر نے ایکسپریس نیوز کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ ٹی وی پر میزبانی کا تجربہ اچھا رہا، مستقبل میں اداکاری کی آفر ہوئی تو ضرور کردار ادا کروں گا۔

ایکسپریس نیوز کے سینئر رپورٹر سلیم خالق کو انٹرویو دیتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ تھائی لینڈ میں شو کیا تو کرکٹرز نے بہت سپورٹ کیا، کرکٹ پر تبصرے بھی چلتے رہتے ہیں تاہم پہلی ترجیع کرکٹ ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ وہ کام کرنے کی کوشش کرتا ہوں جس میں خود بھی لطف اندوز ہو سکوں، دوسروں کو دیکھ کر کچھ نہیں کیا، مجھے میزبانی کرنا اچھا لگتا ہے۔

شعیب ملک نے ایکٹنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اداکاری مجھے کرنی نہیں آتی مگر کہتے ہیں کہ کرکٹر بڑے اداکار ہوتے ہیں، بہت اچھی پیشکش آئی اور وقت ہوا تو شاید کر لوں۔

واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا میں علیحدگی کی افواہیں خوب عروج پر ہیں لیکن دونوں کی طرف سے تاحال اس حوالے سے کوئی تردید اور تصدیق سامنے نہیں آ سکی ہے۔

شعیب ملک نے اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے طلاق یا علیحدگی کی خبروں کو مسترد کرنے یا ان کی تصدیق کرنے سے معذرت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اور ثانیہ مرزا اس معاملے پر کوئی بات نہیں کریں گے۔

دونوں اسٹارز کے درمیان علیحدگی یا طلاق کی خبریں گزشتہ ماہ شروع ہوئی تھیں۔علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر بھارتی میڈیا میں شائع ہوئی تھیں اور شوبز ویب سائٹس نے مستند ذرائع کا حوالہ دیئے بغیر قیاس آرائیاں کی تھیں کہ ان کے درمیان اختلافات ہوگئے، بعد ازاں نومبر میں ثانیہ مرزا کی سالگرہ پر شعیب ملک نے ان کے ہمراہ اپنی ایک تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی تھی۔

سابق کپتان شعیب ملک کی جانب سے ثانیہ مرزا کو سالگرہ کی مبارک باد دیئے جانے اور دونوں کے شو کے اعلان کے بعد اگرچہ مداحوں نے سمجھ لیا تھا کہ ان دونوں کے درمیان طلاق اور علیحدگی کی خبریں سلیبرٹی شو کی تشہیر کا حصہ تھیں، تاہم اس حوالے سے دونوں شخصیات نے تاحال کوئی وضاحت نہیں کی۔

ماریہ بی ڈرامہ ’’ سراہ راہ‘‘ پر کیوں برس پڑیں؟

Back to top button