لبنان،اسرائیلی فوج کی بمباری میں خاتون صحافی ساتھی رپورٹر سمیت شہید

لبنان کے جنوبی علاقے جزین میں اسرائیلی فوج نے ایک ایسی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا جس پر واضح انداز میں پریس لکھا ہوا تھا۔
رائٹرز کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے علاقے میں پریس کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں عربی چینل المیادین کی خاتون صحافی فاطمہ فتونی اور المنار ٹی وی کے سینئر رپورٹر علی شعیب شہید ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پریس کی اس گاڑی میں دیگر افراد بھی موجود تھے جن میں خاتون صحافی فاطمہ فتونی کے بھائی بھی شامل تھے۔
المیادین کے مطابق اسرائیلی فورسز نے گاڑی کو دانستہ طور پر 4 گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنایا اور جب امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں تو انھیں بھی نشانہ بنایا گیا جس میں ایک پیرامیڈک بھی جاں بحق ہوگیا۔
لبنان کے صدر جوزف عون نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور جنگی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو عالمی قوانین کے تحت تحفظ حاصل ہے۔ انھیں نشانہ بنانا سنگین جرم ہے۔
