لیجنڈ لیگ،بھارت کاپاکستان کیخلاف سیمی فائنل کھیلنےسےصاف انکار

بھارت نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اہم مقابلہ کل برمنگھم میں ہونا تھا، جہاں پاکستانی چیمپئنز کو بھارتی ٹیم کا سامنا کرنا تھا۔
بھارت نے ایک بار پھر کھیل کو سیاست سے آلودہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں شرکت سے انکار کیا ہے۔ اس فیصلے کی بنیادی وجہ بھارت میں حالیہ ایشیا کپ شیڈول پر سیاسی تنازع اور پاک-بھارت کشیدہ تعلقات بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی چیمپئنز کی ٹیم — جس میں یووراج سنگھ، شیکھر دھون، یوسف پٹھان سمیت دیگر سابق اسٹارز شامل ہیں — پہلے ہی گروپ اسٹیج میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر چکی تھی۔ سیمی فائنل سے بھی پیچھے ہٹ کر بھارت نے اپنی اسی پرانی ضد اور کھیل سے گریز کی پالیسی کو دہرایا ہے۔
بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل تک رسائی ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر حاصل کی تھی، مگر اس اہم مرحلے پر دستبرداری کا فیصلہ کھیل کے جذبے کے برعکس اور عالمی سطح پر ایک منفی پیغام ہے۔
مزید برآں، بھارتی اسپانسر "ایزی مائی ٹرپ” نے بھی سیمی فائنل سے لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے پاکستان مخالف متعصب بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ وہ پاکستان کے خلاف کسی بھی میچ میں شامل نہیں ہوں گے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے بار بار کھیل کو سیاسی ہتھیار بنانا نہ صرف بین الاقوامی کھیلوں کے اصولوں کے خلاف ہے، بلکہ کھیل کو سفارتی روابط بہتر بنانے کے موقع سے بھی محروم کر رہا ہے۔
