یٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ، وزیراعظم کو خط ارسال

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیش نظر آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
خط میں ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ سسٹم نافذ کیے جانے کی وجہ سے پیٹرول پمپس کو مطلوبہ مقدار میں تیل فراہم نہیں کیا جا رہا۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ آرڈرز دینے کے باوجود آئل کی سپلائی میں تاخیر جاری ہے اور ٹینکرز کئی گھنٹوں تک انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا کہ اس صورتحال کے باعث مصنوعی قلت پیدا ہونے کا خطرہ ہے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل سکتا ہے۔ ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا اور کہا کہ آئل کمپنیوں کو کسی بھی قسم کی پابندیاں عائد کرنے سے پہلے مشاورت کی شرط عائد کی جائے۔
پیٹرول پمپ مالکان نے اپیل کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ ممکنہ قلت اور عوامی پریشانی سے بچا جا سکے۔
