پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس کے خلاف وزیراعلیٰ پنجاب و گورنر کو خطوط موصول

پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کیے جانے کے معاملے پر وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب کو بھی خطوط موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ، اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 کی واپسی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے۔
خط کے مطابق پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ آئین میں درج بنیادی حقوق کے خلاف اور عوامی مفاد کے بھی منافی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ جب صوبائی اسمبلی قانون سازی کے لیے فعال ہے تو گورنر سے آرڈیننس جاری کروانا مناسب عمل نہیں۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھاری جرمانے، لائسنس معطلی اور دیگر سخت اقدامات انصاف کے اصولوں سے متصادم ہیں اور نوجوان نسل کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔ مزید بیان کیا گیا کہ اگر حکومت نے یہ آرڈیننس واپس نہ لیا تو معاملہ اعلیٰ عدلیہ میں لے جایا جائے گا۔
