نواز شریف اور مریم نواز سے ایرانی سفیر کی ملاقات

 

 

 

صدر مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔فریقین نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایرانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خصوصاً زراعت،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور اقتصادی و سماجی روابط کے فروغ پر زور دیا۔

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے تعاون پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔

 

محمد نواز شریف نے اس موقع پر کہاکہ اگر مذاکرات کے دروازے کھلے رکھےجائیں تو بات چیت کے ذریعے بڑے سے بڑے مسائل بھی حل کیے جاسکتے ہیں،ایران نے جواں مردی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا،ایران اور ایرانی عوام ان کی دعاؤں اور نیک تمناؤں میں ہمیشہ شامل رہے ہیں۔

ایرانی سفیر نے محمد نواز شریف کو عالم اسلام کا اہم اور عظیم رہنما قرار دیتےہوئے کہاکہ پاکستان اور ایران دو جسم اور ایک روح کی مانند ہیں۔عالم اسلام کی قیادت اور پاک ایران تعلقات کے فروغ کےلیے محمد نواز شریف جیسے مدبر رہنما کی اشد ضرورت ہے۔

ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایرانی قوم محمد نواز شریف کی صحت اور سلامتی کےلیے دعاگو رہتی ہے۔ انہوں نے خطے کی صورتحال سے آگاہی کو ضروری قراردیتے ہوئے کہاکہ پاکستان خطے کا ایک بڑا اور اہم ملک ہے اور باہمی مشاورت سے معاملات پر گفتگو اطمینان کا باعث بنتی ہے۔

پاکستان اور قازقستان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط

ایرانی سفیر کاکہنا تھاکہ ایرانی عوام محمد نواز شریف کو پاکستان کی حفاظت کرنے والا مضبوط ستون سمجھتے ہیں، جب کہ پاکستان اور ایران ایک خطہ، ایک برادری اور ایک قوم کی مانند ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات میں گہری ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔انہوں نے فارسی زبان اور ایرانی طلبہ سے متعلق امور کے حل پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔

Back to top button