ایکس پر لوکیشن فیچر متعارف

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس نے اپنے پلیٹ فارم پر موجود صارفین کی لوکیشن دکھانے کا نیا فیچر متعارف کرا دیا۔
رپورٹ کے مطابق نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے علاوہ دوسروں کی پروفائلز پر جا کر یہ دیکھ سکیں گے کہ کسی فرد یا اکاؤنٹ کا اصل مقام کیا ہے۔
یہ فیچر صارفین کے بارے میں مزید معلومات ظاہر کرے گا تاکہ لوگ یہ جان سکیں کہ وہ پلیٹ فارم پر کس سے بات کر رہے ہیں۔
گذشتہ روز اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے ایکس کے ہیڈ آف پراڈکٹ کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں میں ہم (اس اکاؤنٹ کی معلومات) کے فیچر کو عالمی سطح پر متعارف کرائیں گے، جس سے آپ دیکھ سکیں گے کہ کوئی اکاؤنٹ کس ملک یا علاقے میں واقع ہے۔
یہ معلومات پروفائل پر ایکس پر اکاؤنٹ بنانے کی تاریخ پر ٹیپ کرنے سے دستیاب ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان ممالک کے لیے جہاں اظہارِ رائے پر پابندیاں ہیں، پرائیویسی ٹولز شامل کیے گئے ہیں تاکہ صارف صرف اپنا علاقہ ظاہر کر سکے اور تفصیلی لوکیشن نہ دکھائی جائے۔
