لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس:عدالت نے علی امین اور شفقت محمود کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے خلاف لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
سماعت کے دوران دونوں رہنماؤں کا چالان عدالت میں جمع کرایا گیا، جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے سردار محمد مصروف خان، زاہد بشیر ڈار اور مرتضیٰ طوری عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے کیس میں نامزد دیگر غیر حاضر ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور علی امین و شفقت محمود کو پیشی کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ تھانہ بارہ کہو میں پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان کے خلاف لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے الزام میں دو مقدمات درج ہیں، جن کی سماعت جاری ہے۔
