لیاری سانحہ: ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو معطل

کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں پانچ منزلہ عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد سندھ حکومت نے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) اسحاق کھوڑو کو معطل کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، گریڈ 20 کے افسر شاہ میر خان کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا عبوری ڈی جی مقرر کر دیا گیا ہے، جو فی الفور اپنے فرائض سنبھالیں گے۔

اس سے قبل آج ہونے والی پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے عمارت گرنے کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ:

"آج ہم نے ایس بی سی اے کے موجودہ ڈی جی کو معطل کر دیا ہے۔ یہ بھی جانچ رہے ہیں کہ سابق ڈی جی کا اس سانحے میں کوئی کردار تھا یا نہیں۔”

سندھ حکومت کا انتہائی خستہ حال عمارتوں کو گرانے کا فیصلہ

 

وزیر بلدیات سعید غنی نے اس موقع پر بتایا کہ کراچی میں اس وقت 51 انتہائی خستہ حال عمارتیں موجود ہیں، جن کی تفصیلات کمشنر کراچی کو 24 گھنٹوں کے اندر فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان عمارتوں کو گرانے کا عمل شروع کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں واقع ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی تھی، جس میں چھ خاندان مقیم تھے۔ اس دلخراش حادثے میں اب تک 27 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

Back to top button