سانحہ لیاری: گورنر سندھ کا متاثرین کو 80 گز کے پلاٹس دینے کا اعلان

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لیاری میں عمارت گرنے کے سانحے پر متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کو 80، 80 گز کے پلاٹ دیے جائیں گے، جب کہ سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متاثرین کو 6 ماہ کے کرائے کے مساوی رقم ادا کرے۔

گورنر نے کہا کہ متاثرین خود کو گورنر ہاؤس آ کر رجسٹرڈ کریں، ان کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کی جا رہی ہے۔ بےگھر خاندانوں کو گورنر ہاؤس سے راشن فراہم کیا جائے گا اور ہر ممکن مدد یقینی بنائی جائے گی۔

جسٹس جنید غفار نے بطور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عہدے کا حلف اٹھا لیا

 

کامران ٹیسوری نے لیاری کے حادثے کو انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ قرار دیا اور کہا کہ اچانک عمارت گرنے سے لوگوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ چہرے بدلنے سے نہیں، سسٹم بدلنے سے بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی ایس بی سی اے کو برطرف کرنا درست قدم ہے، مگر مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ نئے ڈی جی کو 24 گھنٹے فعال انداز میں کام کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔

آخر میں گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ سانحہ لیاری کے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، اور گورنر ہاؤس کے دروازے ان کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔

Back to top button