مدینہ :آئل ٹینکر کی بھارتی عمرہ زائرین بس سے ٹکر، 40 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات

بھارت سے سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کی بس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود زائرین پیر کی صبح ایک بس میں مکہ سے مدینہ منورہ جا رہے تھے کہ راستے میں بس کی آئل ٹینکر سے ٹکر ہوگئی، جس کے فوراً بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

رپورٹ کے مطابق بس میں 42 افراد سوار تھے جن کا تعلق بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے تھا، اور ان زائرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ تصادم کے بعد لگنے والی آگ کے باعث بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے، جبکہ سعودی حکام جائے حادثہ پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب بھارتی سیاستدان اسدالدین اویسی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 41 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، تاہم سعودی حکام کی جانب سے ہلاکتوں کی تصدیق یا حتمی تعداد کے بارے میں ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Back to top button