مدارس بل،مولانانےسازشی عناصرکوکامیاب نہیں ہونےدیا،چودھری شجاعت

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اورسابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کاکہنا ہے کہ مدارس بل کے معاملے پرمولانا فضل الرحمان نےسازشی عناصر کو کامیاب ہونے نہیں دیا۔

 سابق وزیراعظم  چودھری شجاعت حسین نے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اُن کی خیریت دریافت کی۔

چودھری شجاعت حسین نے مدرسہ رجسٹریشن بل پر مولانا فضل الرحمان کے کردار کو سراہا   اور افہام و تفہیم سے مسئلے کے حل پر خوشی کا اظہار کیا۔

جے یو آئی کےسربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیریت دریافت کرنے اور رابطہ کرنے پر چودھری شجاعت حسین کاشکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل جے یو آئی کے سربراہ مولانافضل الرحمان نےوزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی اور مدارس بل پرتحفظات سے آگاہ کیا۔

مولانافضل الرحمان کا کہنا تھاکہ مدارس سے متعلق بل پروزیراعظم نے بات چیت کیلئے ملاقات کی دعوت دی اور ہم نے اپنا مؤقف ملاقات میں دہرایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح کیا دونوں ایوانوں سے بل منظور ہونے کے بعد ایکٹ بن چکاہے، اگر صدر نے اعتراض کرنا ہے  تو ایک اعتراض ہوچکا جس کا جواب اسپیکر نے دے دیا، صدرمملکت نےجو دوسرا اعتراض بھیجا وہ آئینی طور پر بنتا ہی نہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھاکہ صدرمملکت نے اسپیکر کے جواب پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، دوسرا اعتراض آئینی مدت گزرنے کے بعد بھیجا گیا جو ابھی تک اسپیکر کے دفتر تک نہیں پہنچا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر مملکت کی جانب سے پارلیمنٹ سے پاس ہونے والے مدارس رجسٹریشن بل پر اعتراضات لگائے گئے، صدر مملکت نے اعتراض کیا کہ بل کے قانون بننے سے مدارس اگر سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹر ہوں گے تو ایف اے ٹی ایف اور جی ایس پی سمیت دیگر پابندیوں کا خدشہ ہے، مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹیز ایکٹ کے ذریعے شروع کی گئی تو قانون کی گرفت کم ہوسکتی ہے پھر قانون کم اور من مانی زیادہ ہوگی۔

Back to top button