مہوش حیات اور فواد خان اب امریکی ویب سیریز میں

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سپر سٹارز مہوش حیات اور فواد خان اب ایک امریکی ویب سیریز میں مداحوں کو منفرد کردار کرتے دکھائی دیں گے، دونوں سٹارز امریکی سائنس فکشن ویب سیریز’’مس مارول‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے پڑپوتوں کا کردار ادا کریں گے۔

‘مس مارول‘ ویب سیریز میں دونوں پاکستانی سپر سٹارز ایک فلیش بیک سین میں نظر آئیں گے۔ اس حوالے سے جاری کردہ ایک ٹوئیٹ میں مہوش حیات اور فواد خان کی تصاویر کے ساتھ ’مس مارول‘ کے اسکرین شاٹ بھی دیے گے اور بتایا گیا کہ دونوں سپر سٹارز پڑپوتوں کا کردار ادا کریں گے۔

اسی ٹوئٹر ہینڈل کی جانب سے ایک مداح کی جانب سے سوال کیے جانے پر وضاحت کی گئی کہ ’مس مارول‘ کی اصلی کتاب کی کہانی میں ایک جگہ پر ان کے پڑپوتوں کا ذکر ہے، تقسیم بر صغیر کے وقت کی کہانی بتاتے ہوئے ’مس مارول‘ کے پڑ پوتوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر وہی کردار فواد خان اور مہوش حیات ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

تاہم ’’مس مارول‘‘ کی ٹیم نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی مہوش حیات اور فواد خان نے اس پر کوئی بات کی، البتہ اس سے قبل فواد خان نے تصدیق کی تھی کہ وہ ’مس مارول‘ میں کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، لیکن تاحال مہوش حیات نے کوئی تصدیق نہیں کی۔ دوسری جانب گزشتہ ماہ جنوری میں ہمایوں سعید کی بھی ’مس مارول‘ کا حصہ بننے کی خبریں وائرل ہوئی تھیں، تاہم انکی بھی تصدیق نہیں ہو سکی، ’’مس مارول‘‘ میں فواد خان کے علاوہ پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ، بھارتی نژاد مسلمان امریکی کامیڈین اظہر محمد عثمان، زنوبیا شروف، یاسمین فلیچر، ساگر شیخ اور رش شاہ شامل ہیں۔

علیزے شاہ بدتمیزی کا مقابلے جیتنے کے لیے فیورٹ قرار

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اس میں بھارتی اداکار و فلم ساز فرحان اختر اور پاکستانی سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد بھی شامل ہیں، سپر ہیرو سیریز کی ہدایات پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے، بھارتی نژاد امریکی مسلم فلم ساز میرا مینن اور بیلجیم نژاد امریکی مسلم فلم ساز عادل ال عربی اور بلال فلاح دیں گے۔

تمام ہدایت کار سیریز کی مختلف قسطوں کی ہدایات دیں گے اور ممکنہ طور پر سیریز کے پہلے سیزن میں 6 قسطیں شامل ہوں گی، ’مس مارول‘ کی کہانی پاکستانی نژاد سپر ہیروئن کمالہ خان کے گرد گھومتی ہے اور اسی کا نام مس مارول ہوتا ہے، مہوش حیات اور فواد خان ممکنہ طور پر اسی کے پڑ پوتے بنیں گے۔

مس مارول یعنی کمالہ خان کا کردار امریکی نژاد پاکستانی اداکارہ ایمان ولانی ادا کرتی دکھائی دیں گی، ’مس مارول‘ کا پہلا ٹیزر نومبر 2021 میں جاری کیا گیا تھا اور ویب سیریز کو 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

Back to top button