محموداچکزئی نے وزیراعظم کو8فروری کےاحتجاج کی دعوت دیدی

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو 8 فروری کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیدی۔

محمود خان اچکزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ کل پورے ملک میں عوام نے اپنے مینڈیٹ چرانے میں غضے کا اظہار دکانیں بند کرکے کرنا ہے۔ شہباز شریف سے کہتا ہوں وہ بھی عوام کے اس سوگ میں شامل ہوجائیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عوام سے اپیل کرتے ہیں ہم نے جذباتی نہیں ہونا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملکی حالات ایسے نہیں کہ عوام کو جذباتی کیا جائے۔ آج ہم اپنی بوئی ہوئی فصل کی کٹائی کررہے ہیں اور پاکستان کو دوسروں کی جنگ میں جھونک چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دین میں جبر کرنے سے منع کیا گیا ہے، ہمارے اپنے اعمال کی وجہ سے پاکستان مشکل میں ہے، ہم نے جو کچھ کیا اس میں اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی بھی شامل ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 25 کروڑ عوام کو بندوق کی نوک پر ہراساں کیا گیا،  ہم کسی ایجنسی یا ادارے کے خلاف نہیں بلکہ آئین کی بالادستی چاہتے ہیں کیونکہ دستور نے ہمیں اکھٹا  کر کے رکھا ہے مگر اس کو پھاڑا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناانصافی سے ملک نہیں چلتا، آج وفاداری بیچنے والوں کو 90 کروڑ روپے دیے جاتے ہیں جبکہ غریب مرتا ہے تو تیس چالیس لاکھ دے دیے جاتے ہیں۔

 

Back to top button