محمودعباس نے غزہ کو فلسطین کا اٹوٹ انگ قرار دیدیا

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نےغزہ کو فلسطین کا اٹوٹ انگ قرار دیتےہوئے اسرائیل کو یہودی آبادکاری سے بازرہنےکی تنبہہ کردی۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے امریکا کی جانب سے ویزا نہ ملنے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے پُرجوش خطاب کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے خطاب میں محمود عباس نے اسرائیلی مظالم، یہودی بستیوں کی تعمیر اور حماس کے حملوں کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ پر اسرائیلی حملے اور ناکہ بندی صرف جارحیت نہیں بلکہ سنگین جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرم ہیں، جو تاریخ کے بدترین المیوں میں شمار ہوں گے۔

محمود عباس نے کہا کہ گزشتہ دو برس سے غزہ کے عوام نسل کشی، تباہی، بھوک اور جبری بے دخلی کا شکار ہیں۔ اس دوران دو لاکھ بیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید یا زخمی ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر نہتے شہری، بچے، خواتین اور بزرگ شامل ہیں۔

انہوں نے اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد کو دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ یہ آبادکار گھروں اور کھیتوں کو نذرِ آتش کرتے، درخت اکھاڑتے اور دیہات پر حملے کرکے فلسطینیوں کو قتل کرتے ہیں، جبکہ فوج ان کی پشت پناہی کرتی ہے۔

Back to top button